پشاور میں پہلا روزہ کب ہوگا؟ رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل طلب
ماہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی و زونل رویت کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا۔
ذرائع کے مطابق ماہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی اور زونل رویت کمیٹیوں کے اجلاس کل بدھ کے روز پشاور میں منعقد ہوں گے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت اوقاف ہال پشاور میں منعقد ہوگا جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بھی اوقاف ہال ہی میں منعقد ہوگا ۔
دوسری جانب مقامی علماکی کمیٹی کا اجلاس جامع مسجد قاسم علی خان میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت منعقد ہوگا ۔ مرکزی، زونل اور مقامی کمیٹی ماہ رمضان المبارک کے چاند کی رویت کی شہادتوں کی بنیاد پر 23 مارچ کو روزہ ہونے یا نہ ہونے کا اعلان کریں گی۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے رواں سال 22 مارچ کو رمضان المبارک 1444 ہجری کا چاند نظر آنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں پہلا روزہ جمعرات 23 مارچ کو ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق پاکستان میں نیا چاند 21 مارچ کی شب 10 بج کر 23 منٹ پر پیدا ہوگا اور فلکیاتی پیرا میٹرز کے مطابق رمضان المبارک 1444 ہجری کا چاند نظر آنے کا امکان 22 مارچ 2023 کی شام یعنی 29 شعبان 1444 ہجری کو ہے۔
پی ایم ڈی نے کہا ہے کہ موسمیاتی ریکارڈ کے مطابق 22 مارچ کی شام ملک کے بیشتر حصوں میں موسم صاف یا جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
اگر پی ایم ڈی کی پیش گوئی کے مطابق رمضان کا ماہ مقدس شروع ہوتا ہے تو پہلا روزہ 23 مارچ جمعرات کو ہوگا۔