آئی جی خیبر پختونخوا نے صوبے کی پولیس کے لئے بڑے پیکجز کا اعلان کر دیا
آفتاب مہمند
آئی جی خیبر پختونخوا پولیس اختر حیات خان نے صوبے میں پولیس فورس کے اہلکاروں و افسروں کے لئے تعلیم، صحت جبکہ بیواؤں اور بچیوں کی شادیوں کے لئے بڑے پیکجز کا اعلان کردیا۔
اس سلسلے میں آئی خیبر پختونخوا کی جانب سے کئی شعبوں میں اہم اقدامات اٹھائیں گئے ہیں جس میں 10 سال سے کم نوکری والے اہلکاروں کی بیواؤں کو ملنے والی ماہانہ رقم سات ہزار روپے سے بڑھا کر 26 ہزار روپے کر دی گئی جبکہ تمام اہلکاروں کی پہلی بیٹی کی شادی پر ملنے والی برائیڈل گفٹ کی رقم 30 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے مقرر کر دی گئی۔
اسی طرح مخلتف واقعات میں جان کی بازی ہارنے والے پولیس کانسٹیبلز کی تدفین کی رقم 30 ہزار کی بجائے 50 ہزار روپے کر دی گئی۔ مذکورہ اقدامات کے مطابق فورس کے اہلکاروں کو اوپن ہارٹ سرجری کے لئے ویلفیئر سے 3 لاکھ روپے جبکہ اہلکاروں کے والدین، بیوی اور بچوں کی اوپن ہارٹ سرجری کے لئے ڈیڑھ لاکھ روپے فوری طور پر ادا کر دیئے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا پولیس نے پنجاب پولیس کے مراعات کی تفصیلات جاننے کے لئے خطوط لکھ ڈالے
اسی طرح کینسر میں مبتلا اہلکاران اور ان کے خاندان، جن کا مرض ابتدائی مرحلے میں ہو، کو ایک لاکھ روپے جبکہ جن اہلکاران کا علاج اگلے مراحل میں ہو، کو 5 لاکھ روپے ملیں گے اور ان کے والدین، بیوی اور بچوں کو اسی علاج کے لئے ڈھائی لاکھ روپے دی جائیں گے۔
کڈنی ٹرانسپلانٹ کی مد میں پولیس اہلکاروں کے لئے 10 لاکھ جبکہ ان کے والدین بیوی اور بچوں کی علاج کے لئے سات لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں، لیور ٹرانسپلانٹ کے لئے بھی 10 لاکھ اور ساتھ لاکھ روپے مقرر کئے گئے ہیں۔ اقدامات کے مطابق تھیلیسمیا کے علاج کے لئے بھی ماہانہ 30 ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ اس اقدام سے نہ صرف پولیس اہلکاران بلکہ ان کے بچے اور والدین بھی مستفید ہوں گے۔
کسی بھی ایمرجنسی پیش آنے کی صورت میں بھی اہلکاران کے لئے اہم اقدامات اٹھائیں گئے ہیں جس کے تحت بم دھماکوں، ٹریفک اور دیگر حادثات میں زخمی ہونے والے اہلکاران، ان کے بچوں اور والدین کو ایک ایک لاکھ روپے دئیے جائیں گے جبکہ تعلیم کی مد میں پولیس فورس کے بچوں کو صوبے اور ملک کے بہترین تعلیمی اداروں میں میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر داخلے ملیں گے۔
اس سلسلے میں صوبے کے معیاری تعلیمی اداروں، جن میں خیبر میڈیکل کالج پشاور، ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور، غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ صوابی، انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز پشاور جبکہ ملک کے اعلیٰ تعلیمی ادارے LUMS لاہور، آغا خان یونیورسٹی کراچی اور NUST اسلام آباد شامل ہیں، میں ٹیوشن اور رجسٹریشن فیس محکمہ پولیس کی ویلفیئر سے ادا کئے جائیں گے۔
سی ایس ایس، جوڈیشل امتحانات اور پی ایم ایس کے امتحانات کوالیفائی کرنے والے پولیس کے بچوں کو 3 لاکھ روپے کا آئی جی پی میرٹ سرٹیفیکیٹ دیا جائے گا۔
آئی جی پولیس کے مطابق اس ضمن مں پولیس اہلکاران کے بچوں کی کامیابی محکمہ پولیس کی کامیابی تصور کی جائے گی جبکہ پولیس فورس ایک خاندان کی مانند ہیں سب کی ویلفیئر مجھے اپنے بچوں کی طرح عزیز ہے۔
ان کے مطابق پولیس کی ویلفیئر کے لیے یہ اقدامات ہماری کوششوں کا آغاز ہے جس طرح خیبر پختونخوا پولیس قربانیوں میں پہلی نمبر پر ہے اسی طرح ان کی ویلفیئر کو بھی سب کے لیے رول ماڈل بنائیں گے۔
واضح رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان سمیت بعض اضلاع میں پولیس درباروں کے دوران اہلکاروں اور افسران نے آئی جی اختر حیات خان سے مطالبہ کیا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن کا کردار ادا کرنے والی صوبائی پولیس فورس کے مراعات صوبہ پنجاب کی محکمہ پولیس کے برابر کیا جائے جس پر صوبائی پولیس نے تعلیم کا الاونس اور میڈیکل ایس پی او کو معلوم کرنے کیلئے دو خطوط بھی لکھ کر بھجوائے تھے۔