پشاور: خوراک مہنگی، پالتو جانوروں کے مالکان اپنا شوق قربان کرنے پر مجبور
ملک علی نواز
بڑھتی مہنگائی نے پالتو جانوروں کے شوقین افراد کو بھی پریشان کر دیا ہے، پشاور کی مارکیٹ اب خریداروں سے نہیں بلکہ اپنے پالتو جانوروں کو بیچنے والوں سے کھچاکھچ بھری ہوئی ہے۔
صوبائی دارالحکومت کی پالتو منڈی میں شہریوں کی بڑی تعداد دیکھی گئی جو ان جانوروں کو لینے ہی نہیں بلکہ اپنے جانوروں کو بیچنے کے لیے بھی آئے تھے کیونکہ مہنگائی میں دن بدن اضافہ انہیں اپنے جانوروں کے لئے خصوصی خوراک لینے سے روک رہا ہے۔
عام اشیاء کی طرح پالتو جانوروں کی خصوصی خوراک کی قیمت بھی کئی گنا بڑھ گئی ہے۔
جرمن شیفرڈز فروخت کرنے آئے شہری ایوب علی نے ٹی این این کو بتایا کہ ان کتوں کو پالنا ان کا مشغلہ تھا اور وہ انہیں بیچنا نہیں چاہتے تھے لیکن اب مہنگائی اتنی بڑھ گئی ہے کہ وہ اپنے اخراجات بھی پورے نہیں کر پا رہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک کتے کی خصوصی خوراک کی قیمت تقریباً 6000 روپے ماہانہ ہے جو دو سال پہلے 3500 روپے تھی اس لیے اب کھانا خریدنا ممکن نہیں رہا۔
پالتو بلی "شیش” کے مالک ابراہیم نے بتایا کہ اس بلی کو بچپن سے پال رکھا ہے لیکن اب بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث اب وہ اسے پالنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔
منڈی کے شرکاء نے حکومت سے اپیل کی کہ پالتو جانوروں کی خوراک کی قیمتوں میں کمی کی جائے تاکہ وہ اپنے پیارے جانوروں کو فروخت کرنے کی بجائے حسب سابق پال سکیں۔