طورخم: کنٹینر الٹنے سے دو افراد جاں بحق 8 زخمی
ضلع خیبر: پاک افغان سرحد طورخم کے عین دروازے پر افغانستان جانے والے ٹرالر سے کنٹینر راہگیروں و گاڑی پر گرنے سے دو افراد جاں بحق جبکہ اہلکار کے ہمراہ 8 افراد زخمی ہو گئے جن میں بیشتر افغان راہگیر شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال لنڈی کوتل منتقل کیا گیا جبکہ اہلکار کو سی ایم ایچ میں طبی امداد دی گئی، دو زخمیوں کو مزید طبی امداد کیلئے پشاور کے ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آٰیا جب گاڑی بریک فیل ہونے کے باعث ڈرائیو سے بے قابو ہو گئی، حادثہ کے وقت طورخم گیٹ پر گاڑیوں اور پیدل مسافروں کی آمدورفت کے باعث کافی رش تھا۔
کنٹینر کی زد میں آ کر جاں بحق ہونے والوں میں صادق خان ولد اکبر خان اور جنت گل ولد زنزیر گل شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں چترال سکاؤٹس کے جوان لانس نائیک صابر خان، ہدایت خان، اشمان، تواب مدثر، سید حبیب، حبیث خان اور حبیب رحمان شامل ہیں۔
زخمیوں میں اہلکار کا تعلق چترال، حبیث خان کا تعلق لنڈی کوتل بازار ذخہ خیل جبکہ دیگر کا تعلق افغانستان میں سرحدی علاقوں ڈھاکہ اور لال پورہ سے بتایا گیا ہے۔
واقعہ کے فوری بعد کمانڈنٹ خیبر رائفلز کے کرنل نعمان محمود ہسپتال پہنچے اور زخمیوں کی عیادت کی اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے عملہ کو احکامات جاری کیے۔
طورخم بارڈر ٹریفک حادثہ میں جاں بحق افراد کی میتیں طورخم بارڈر کے راستے افغانستان روانہ کر دی گئیں جبکہ گیٹ کلیئر کرنے کیلئے امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔