لائف سٹائل

کرم: مناتو کے عمائدین کا جرگہ، مطالبات کیا ہیں؟

وسطی کرم علاقہ مناتو کے قبائلی عمائدین پر مشتمل جرگہ نے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں بی ایچ یو اور سکول کی حالت بہتر اور سڑکوں کی تعمیر یقینی بنائی جائے۔ جرگہ نے بنجر زمینوں کو سیراب کرنے کے لئے شمسی ٹیوب ویلوں کی منظوری کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

وسطی کرم کے علاقہ مناتو میں عمائدین کے جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے پندرہ رکنی کمیٹی کے راہنماؤں ملک نواب خان، ملک قیبت خان، مزید خان اور قاری غنی الرحمان نے کہا کہ سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث لوگ پتھر کے زمانے جیسے حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔

راہنماؤں نے آرمی چیف، کور کمانڈر پشاور الیون کور، جی او سی، وزیر اعلی اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ذیمشت بی ایچ یو کو ہسپتال کا درجہ دیا جائے، ایم بی بی ایس ڈاکٹر اور ایمبولینس سروس دی جائے اور بنجر زمینوں کو سیراب کرنے کے لئے تین سولر ٹیوب ویل منظور کئے جائیں۔

انہوں نے ششو سے منڈان، مناتو سے علاقہ زوکی اور لیل گاڈہ تک سڑک تعمیر کرنے، مناتو ہائی سکول میں فزکس ٹیچرز کی کمی دور کرنے اور دیگر مسائل کے حل کے لئے کھلی کچہری لگانے کا مطالبہ بھی کیا۔

عمائدین نے حکومت پر زور دیا کہ علاقے میں گرلز سکول قائم کیا جائے اور سٹریٹ لائٹس لگائی جائیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button