لائف سٹائل

کیپرا میں ڈی رجسٹریشن کا طریقہ کار کیا ہے؟

خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ جب کسی ٹیکس پیئر کا کاروبار ٹھپ ہو کر رہ جائے یا وہ ایک صوبے سے دوسرے صوبے یا ملک کو اپنا کاروبار منتقل کرنا چاہ رہا ہو تو وہ اپنی ٹیکس رجسٹریشن کو قانونی طریقہ کار کے تحت منسوخ کر سکتا ہے لیکن ڈی رجسٹریشن کا قانونی طریقہ کار کیا ہے؟

اس حوالے سے کیپرا کی جانب سے یو ایس ایڈ کے پی آر ایم کے تعاون سے آگاہی مہم کے دوران ڈائریکٹر کمیونیکیشن آفتاب احمد کا کہنا تھا کہ اگر کوئی کاروباری شخص کاروبار ختم یا کاروبار دوسرے ملک یا صوبہ منتقل کر کے اپنی رجسٹریشن ختم کرنا چاہتا ہے تو وہ اپنی رجسٹریشن منسوخ کر سکتا ہے اور اس کا طریقہ بڑا آسان ہے اس میں سب سے پہلے ایک درخواست دی جاتی ہے اور ایک پروفارما پر اپنے کوائف درج کر کے کیپرا کو بھیج دیں اور اس کے ساتھ ایک حلفیہ بیان دیں گے کہ میں اپنا کاروبار چھوڑنا یا کسی دوسرے صوبے منتقل کرنا چاہتا ہوں تو پھر انہیں کیپرا بلا کر اسے ایک سوال نامہ دیا جاتا ہے جس میں وہ اپنے معقول جوابات دیں گے پھر اس کے بعد ہماری ٹیم ان کے کاروبار کی جگہ پر جا کر جائزہ لیتی ہے، جب ہمارا سٹاف مطمئن ہو جائے تو پھر ان کا ٹیکس ڈی رجسٹریشن عمل شروع کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو اِن ایکٹیو رجسٹریشن ہے اور ہماری مسلسل رجسٹریشن کا طریقہ کار چونکہ ماہانہ بنیاد پر ہے تو پھر ہم مجبور ہوتے ہیں کہ انہیں اِن ایکٹیو کرا دیں تو پھر اگر وہ کوئی ٹھیکیدار ہو تو ٹینڈر میں حصہ نہیں لے سکتا جس کا براہ راست کیپرا کی بجائے انہیں نقصان ہوتا ہے۔

آفتاب احمد کہتے ہیں کہ اب تک کیپرا نے کسی کی رجسٹریشن اپنی طرف سے منسوخ نہیں کی ہے اور ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہم انہیں فیسلیٹیٹ کریں لیکن پھر بھی اگر وہ اپنے آپ کو ڈی رجسٹرڈ کرنا چاہتے ہیں تو قانونی طریقہ کو اپنائیں گے، اس کے علاوہ اگر کوئی ٹٰیکس پیئر اپنے گوشوارے جمع نہیں کرتا تو ہم انہیں نوٹس بھیج دیتے ہیں اگر وہ ادارے کو بتا دیں کہ ان کا کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے تو پھر ہم ان کی رجسٹریشن منسوخ کر دیتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جب کوئی ڈی رجسٹریشن کرتا ہے تو ہمارے پاس ایک منیجمنٹ کمیٹی ہوتی ہے جسے پہلے اتھارٹی کہتے تھے لیکن اب منیجمنٹ کمیٹی کہا جاتا ہے اس میں ایک ڈائریکٹر جنرل کی سربراہی میں تین ڈائریکٹرز فیصلہ کرتے ہیں۔ ان کے مطابق اب تک دو سو سے ڈھائی سو تک درخواستیں ڈی رجسٹریشن کی موصول ہو چکی ہیں جو کہ بہت کم ہیں اور اس کا مطلب یہ ہے کہ باقی لوگوں کا کاروبار اچھے طریقے سے چل رہا ہے جو کہ ہمارے لئے خوشی کی بات ہونی چاہئے۔

آفتاب احمد نے کہا کہ اگر کوئی فرد یا کمپنی اپنے کاروبار کی رجسٹریشن عارضی طور پر معطل کرنا چاہتی ہے تو قانون میں اس کی کوئی گنجائش نہیں بلکہ واضح سی بات ہے کہ جب تک آپ کا کاروبار چل رہا ہو تو آپ ٹیکس ادا کرتے رہیں گے لیکن اگر کوئی کاروبار نہ چل رہا ہو اور وہ ٹیکس کے زمرے میں نہیں آتا ہو تو آپ اپنے گوشواروں میں نل رپورٹ کریں لیکن گوشوارے ضرور جمع کرنا پڑیں گے لیکن اگر اس کے بعد بھی کوئی اپنے گوشوارے جمع نہیں کرتا تو پھر اس کے خلاف قانونی کاروائی کی جاتی ہے۔

انہوں نے آن لائن ڈی رجسٹریشن کے بارے میں بتایا کہ ٹیکس پیئر ڈی رجسٹریشن کیلئے آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں لیکن یہ ایک حساس معاملہ ہے تو اس میں ہماری ٹیم کو فزیکلی موقع پر جانا ہوتا ہے اور ٹیکس پیئر سے بھی فزیکلی معلوم کرنا پڑتا ہے کہ کیا واقعی وہ اپنے کاروبار کی رجسٹریشن ختم کرنا چاہتا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button