ودہولڈنگ ایجنٹس کا کردار معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی طرح ہے۔ کیپرا
صوبے میں ترقی و فلاح کیلئے ٹیکس پیئر کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جس کی بدولت عوام کو صحت کی سہولیات، مفت تعلیم، سیکورٹی اور دیگر بنیادی ضروریات فراہم کی جاتی ہیں۔
صوبے کی ترقی میں ود ہولڈنگ ایجنٹ کے کردار اور ٹیکس سے متعلق دیگر امور پر کیپرا نے یو ایس ایڈ کے پی آر ایم کے تعاون سے آگاہی مہم شروع کی ہے، لیکن ودہولڈنگ ایجنٹس کون ہیں اور صوبے کی معیشت و ترقی میں ان کا کیا کردار ہے؟
اس حوالے سے ڈائریکٹر کمیونیکیشن آفتاب احمد نے کہا کہ ٹیکس پیئر ہمارے لئے رجسٹرڈ پرسن ہوتا ہے اور ہم سب کو شخص کے طور پر لیتے ہیں کیونکہ تمام پبلک سیکٹرز جو کیپرا کو ٹیکس دیتے ہیں انہیں ہم ودہولڈر کہتے ہیں اور جو شخص اس میں ٹیکس کو جمع کرتے ہیں تو اسے ودہولڈنگ ایجنٹس کہتے ہیں اور یہ ہمارے لئے اثاثہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ادارے، کمپنیز اور ایسوسی ایشنز ہوتی ہیں، ہم ان کا تجزیہ کرتے ہیں اور اس بنیاد پر ہم انہیں ٹیکس ودہولڈنگ بناتے ہیں، کہتے ہیں کہ ٹیکس جمع کرنا ایک قانونی اور ضروری عمل ہے اور قانون کے تحت ودہولڈنگ ایجنٹ پر فرض ہے کہ کیپرا کے ساتھ تعاون کرے۔
آفتاب احمد کا کہنا ہے کہ ود ہولڈنگ ایجنٹ ہمارے صوبے کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور انہوں نے گزشتہ سال پانچ ارب 80 کروڑ روپے جمع کئے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ ان کی تعداد میں اضافہ کریں، اس کے علاوہ ان کے لئے تربیتی ورکشاپ کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے اور اگر انہیں کوئی مسائل درپیش ہوں تو ان کا ازالہ کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس محصولات اور ٹیکنیکل ڈیوائسز پر انہیں سمجھاتے ہیں اور اگر پھر بھی کوئی مسئلہ ہو تو وہ بغیر کسی جھجھک کے ہمارے کال سنٹرز پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
ڈائریکٹر کمیونیکیش نے بتایا کہ اگر کوئی ودہولڈنگ ایجنٹ ٹیکس ادا نہیں کرتا تو اس کے لئے آرٹیکل 27 بتاتا ہے کہ ان پر 25 ہزار روپے جرمانہ یا ٹیکس کا پانچ فیصد جرمانہ لگ جاتا ہے، اس کے علاوہ اگر کوئی دوسرا دھوکہ دہی کرے تو ہم اپنے ٹربیونل میں اس کا کیس بھجواتے ہیں اور وہاں پر اس کا فیصلہ ہو جاتا ہے، اگر وہ جرم کے مرتکب ہوئے تو انہیں جیل بھی ہو سکتی ہے۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ زیادہ تر مہمان داری سے تعلق رکھنے والے سیکٹرز میں ٹیکس کی عدم ادائیگی کے حوالے سے مسائل موجود ہیں جس کے لئے ہم نے ایک آگاہی مہم چلائی تھی اور اب بھی میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بروقت ٹیکس ادا کریں۔
ڈائریکٹر کمیونیکیشن آفتاب احمد نے بتایا کہ کیپرا میں مانیٹرنگ ٹیم موجود ہے اور اب جب کوئی سرکاری ادارہ ٹینڈر دیتا ہے تو سب سے پہلے انہیں سروسز ٹیکس دینا ہو گا اور ہماری ٹیم اس ٹینڈر کی بنیاد پر ان سے ٹیکس وصول کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ودہولڈنگ ایجنٹ کیلئے ہمارے قوانین ہیں، اگر کوئی ہمارے قوانین پر عمل درآمد نہیں کرتا تو ہم انہیں شوکاز دیتے ہیں اور پھر ایک ٹیم کے ذریعے ان کا آڈٹ ہوتا ہے، اگر اس دوران بھی آڈٹ ٹیم کو ریکارڈ فراہم نہ کریں تو ہم ان کے اوپر 50 ہزار سے 3 لاکھ تک جرمانہ لگا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ٹیکس صرف فاٹا اور پاٹا سے تعلق رکھنے والے افراد کے کاروبار میں سروسز پروائڈر پر کوئی ٹیکس لاگو نہیں لیکن اگر کوئی باہر کے علاقے سے ہو اور وہ فاٹا یا پاٹا میں کاروبار کرتا ہو تو اس پر ٹیکس لاگو ہوتا ہے۔
ان کے مطابق 92 سروسز ہیں جن میں 47 سروسز پر ٹیکس لاگو ہیں جن میں ریسٹورنٹس، ایڈورٹائزنگ ایجنسی، بیوٹیشنز، ورکشاپ اور ڈھابے وغیرہ شامل ہیں۔
ڈائریکٹر کیمونیکشن کا کہنا ہے کہ جب بھی کوئی گاہک ودہولڈنگ ایجنٹس سے ٹیکس کی رسید لیتا ہے تو وہ پکی رسید ہونی چاہئے جس پر کے این ٹی این نمبر، سیل سروسز کی رقم موجود ہو، اگر اس طرح نہ ہو تو آپ کیپرا میں اپنی شکایات رجسٹرڈ کرا سکتے ہیں۔
ان کے مطابق کیپرا نے ان معاملات پر سمجھانے کیلئے تقریباً 2 سو ودہولڈنگ ایجنٹس کو تربیت دی اور اگلی دفعہ ہم گلیات میں سیشن منعقد کریں گے اور جو ودہولڈنگ ایجنٹ دلچسپی رکھتا ہو تو وہ ریجنل آفسز میں خود کو رجسٹرڈ کرائیں۔