لائف سٹائل

سیلاب زدگان کی امداد: جمائمہ خان کا اپنی نئی فلم کی پرائیویٹ سکریننگ کی نیلامی کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ خان نے پاکستان کے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے اپنی نئی فلم "واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ” کی پرائیویٹ سکریننگ کی نیلامی کا اعلان کر دیا۔

یہ فلم جمائمہ خان نے لکھی ہے جس کے ہدایتکار شیکھر کپور ہیں، فلم میں پاکستانی اداکارہ سجل علی مرکزی کردار نبھا رہی ہیں۔ جمائمہ خان اور فاطمہ بھٹو نے مشترکہ طور پر فلم کی پرائیویٹ سکریننگ کی نیلامی کا اعلان کیا ہے، جو اس کی سب سے زیادہ بولی لگائے گا وہ اپنے 20 دوستوں کے ساتھ فلم کی پرائیویٹ سکریننگ کا لطف لے سکے گا۔

https://twitter.com/Jemima_Khan/status/1565298855347896323

فلم جنوری 2023 میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی تاہم بولی جیتنے والا شخص اس کی ریلیز سے دو ہفتے پہلے ہی اسے دیکھ پائے گا۔ پرائیویٹ سکریننگ کے ایونٹ میں جمائمہ خان خود فلم کے بارے میں بتائیں گی جب کہ فاطمہ بھٹو بھی فلم بینوں سے ملاقات کریں گی۔

یہ خصوصی اسکریننگ جمائمہ خان اور فاطمہ بھٹو کی طرف سے منعقد کی جا رہی ہے جبکہ ویب سائٹ 32 آکشن ڈاٹ کوم پر بولی کا سلسلہ جاری ہے جس میں میشا جاپان والا، ذوالفقارعلی بھٹو اور عبداللہ قریشی سمیت دیگر کے اصلی فن پارے بھی نمائش کیلئے پیش کئے جا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ جمائمہ پاکستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب اور اس کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر آواز اٹھا رہی ہیں اور لوگوں سے اپیل کر رہی ہیں کہ سیلاب زدگان کے ساتھ دل کھول کر امداد کریں۔

حال ہی میں انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن اور حکومت پنجاب و خیبر پختونخوا کی جانب سے قائم کردہ ریلیف فنڈز میں حصہ ڈالنے کی اپیل بھی کی تھی۔

ان کے اور اک ٹوئٹر صارف کے درمیان ایک دلچسپ گفتگو بھی ہوئی۔ ٹوئٹر صارف نے سینئر صحافی حامد میر کے ساتھ ان کا ایک انٹرویو پوسٹ کیا جس میں جمائمہ کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان سے محبت کرتی ہیں اگرچہ یہ ملک کبھی کبھی (انسان کو) پاگل کر دیتا ہے۔ جمائمہ نے کہا کہ انہوں نے پاکستان میں دس سال گزارے، اور انہیں لگتا ہے جیسے وہ وہیں بڑی ہوئی ہیں۔ پاکستان ان کی روح میں رچا بسا اور ان کے بچوں کا ملک ہے۔ انہوں نے صحافی کی تصحیح کی اور کہا کہ وہ ایک وزٹر نہیں بلکہ پاکستان میں رہ چکی ہیں۔

ویڈیو پر کمنٹ کرتے ہوئے جمائمہ نے کہا کہ وہ آج بھی پاکستان کے بارے میں ویسا ہی محسوس کرتی ہیں۔ جمائمہ اکثر سوشل میڈیا پر پاکستان کے بارے میں بات کرتی اور اس ملک اور اس کے لوگوں سے اپنی محبت کا اظہار کرتی ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button