”غلطیوں سے سبق، نوجوانوں کیلئے مواقع پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے”
اقوام متحدہ کی بین الاقوامی تنظیم یونائٹڈ نیشنز انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کی جانب سے حکومت خیبر پختونخوا اور پارٹنر کیٹالسٹ کمیونیکشن کی جانب سے نوجوانوں کا عالمی دن 23 اگست کو پرل کانٹیننٹل ہوٹل پشاور میں منایا گیا جس کا مقصد خیبر پختونخوا خاص طور پر ضلع کرم کے نوجوانوں کو درپیش مسائل پر بحث کرنا تھا۔
ممبر صوبائی اسمبلی اور عوامی نیشنل پارٹی کی ترجمان ثمر ہارون بلور نے تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی اور شرکا سے براہ راست مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔ اس کے علاوہ سول سوسائٹی اور اکیڈیمیا کی نامور شخصیات نے بھی تقریب کو زینت بخشی اور نوجوانوں کے دن کو خاص موضوع قرار کر انتہائی سنجیدگی کا مظاہرہ کیا۔
مہمان خصوصی ثمر ہارون بلور نے شرکاء سے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ نوجوان ہی ہمارا اثاثہ ہیں اور اپنی غلطیوں سے سبق حاصل کر کے نوجوانوں کیلئے مواقع پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سی آر اے این پارٹی کے چیف مائیکل جے ایف او مھولی نے کانفرنس میں اپنی حاضری یقینی بنا کر اس کاوش کو سراہا اور شرکا کے ساتھ اپنے خیالات شریک کئے۔ انہوں نے کہا "مستقبل میں نوجوانوں کیلئے مواقع انتہائی زیادہ ہیں مگر انہیں سمھنے کی ضرورت ہے اور مجھے یقین ہے کہ قبائلی نوجوان اقوام عالم کے ساتھ مقابلہ کرنے کی بہترین صلاحیت رکھتے ہیں۔”
تقریب میں خیبر پختونخوا کے ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں، مرد و خواتین، نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور مذکورہ ضلع میں نوجوانوں کو درپش مشکلات کو اجاگر کر کے سیر حاصل گفتگو کی۔
کانفرنس کا مقصد قومی اور بین الاقوامی پلیٹ فارم پر نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور انہیں درپش چینلجز سے نمنٹنے کے متعلق آگاہ کرنا تھا۔
تقریب میں ایک پینل ڈسکشن کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جس میں سول سوسائٹی کے نامور صحافیوں اور دیگر شخصیات نے "سماجی ہم آہنگی اور شہری مصروفیات” کے موضوع پر ممبران صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا اور سی آر این سٹاف کے سامنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
نوجوانوں کے عالمی دن سے منسلک ایک اور اہم موضوع "نوجوانوں کی کمیونٹی میں شمولیت” کے موضوع پر نوجوانوں نے سیر حاصل گفتگو کی۔ کانفرنس میں جن نکات پر گفتگو ہوئی، ان معاملات کو درست سمت میں لانے کیلئے حکومت کو سفارشات پیش کی جائیں گی۔
تقریب کے اختتام پر شاہد ملنگ اور شان خان نے اپنی خوبصورت اور حیرت انگیز پرفارمنس سے محفل کو پررونق بنا دیا۔