مردان: شادی کا گھر ماتم کدے میں تبدیل، چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق 3 زخمی
مردان: شادی کا گھر ماتم کدے میں تبدیل، چقڑو پل مصری آباد میں کمرے کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں 2 بچے اور ایک خاتون جاں بحق، جبکہ بچوں سمیت 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
وقوعہ کے فوری بعد ریسکیو 1122 کے عملے نے ملبے تلے دبے افراد کو نکال لیا، میڈیکل ٹیم نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ایم ایم سی منتقل کر دیا، ایک بچے کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو ترجمان کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سید عنایت شاہ آپریشن کی نگرانی خود کر رہے ہیں، متاثرہ گھر میں آج شادی کی تقریب تھی۔
جاں بحق ہونے والوں میں چھ سالہ عارف، 19 سالہ زوجہ محمد آصف 19 سالہ اور دو سالہ انس جبکہ زخمیوں میں دس سالہ حارث، 60 سالہ محمد ظاہر اور دس سالہ وارث شامل ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز قدرتی آفات کے صوبائی ادارے، پی ڈی ایم اے نے ایک بیان جاری کیا تھا جس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ سات افراد زخمی ہوئے تھے، صوبے بھر میں 15 مکانات کو جزوی جبکہ 5 مکانات کو مکمل نقصان پہنچا، جبکہ دیر لوئر اور بونیر کے متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔
بیان کے مطابق دریائے جندی میں چارسدہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دیگر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے، ڈی آئی خان میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، متعلقہ ضلعی انتظامیہ بند سڑکوں کو بحال کر نےکےلیے اقدامات کر رہی ہیں۔
ادارے نے ضلعی انتظامیہ کو نقصانات کا تخمینہ لگانے اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ بند کوئی تحصیل پہاڑپور ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلابی ریلے کو آبادی کی طرف جانے سے روکنے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔
بیان کے مطابق پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل فعال ہے، سال 2022 کے دوران ایمرجنسی آپریشن سنٹر نے مختلف نوعیت کی دو لاکھ بیس ہزار کالز موصول ہوئیں، ”عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔”