ٹانک میں عید الاضحیٰ کے لیے خصوصی پلان مرتب کرلیا گیا
ٹانک انتظامیہ نے عید الاضحیٰ کے لیے لائحہ عمل طے کرلیا۔ اس سلسلے میں جمعے کے روز ڈپٹی کمشنر ٹانک حمیداللہ خٹک کی زیر صدارت تمام محکموں کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا جس میں پولیس، محکمہ صحت، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن، پبلک ہیلتھ، ریسکیو 1122، واپڈا، گریڈ اسٹیشن، ایکسائز کے افسران نے شرکت کی۔ اس ضمن میں یہ فیصلہ ہوا کہ مرکزی کنٹرول روم ڈپٹی کمشنر آفس ٹانک میں قائم کیا جائیگا، اس کنٹرول روم میں تمام محکموں کے نمائندے موجود ہونگے اور متعلقہ مشینری وغیرہ کی دستیابی کو یقینی بنائینگے، ٹی ایم اے ک ذمے بایوڈیگریڈیبل بیگز کی تقسیم اور جانوروں کی آلائشوں اور فضلے کو عید کے آیام میں متعلقہ پوائنٹس سے جمع کرنے کا کام تفویض کیا گیا۔
اس کے علاوہ ٹی ایم اے افسران کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ شہری علاقوں میں اور پبلک ہیلتتھ والے دیہی علاقوں میں عام آیام میں بلعموم اور عید کے آیام میں بلخصوص پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ واپڈا اور گریڈ سٹاف کو ہدایات کی گئی کہ وہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو شیڈول کے مطابق بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں اور کوئی فورس لوڈ شیڈنگ قابل قبول نہیں اور نا ہی غیر ضروری طور پر اڈوں کو کاٹا جائے، اس کے علاوہ مرکزی کنٹرول روم میں واپڈا کے نمائندے موجود ہونگے جو شہری اور دیہی علاقوں میں بجلی کے فالٹ کو فوری طور پر دور کرنے کے ذمہ دار ہونگے۔
ڈسٹرکٹ ہسپتال کے ایم ایس کو ہدایات کی گئی کہ وہ ایمرجنسی کو 24 گھنٹے فنکشنل رکھے اور سٹاف و ادویات کی فراہمی کو یقینی بنائے چونکہ عید کے موقع پر موسم کی پیشنگوئی کے مطابق بارش کا امکان ہے، لہذا تمام محکمہ جات کو ہدایت کی گئی کہ وہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں اور سٹاف اور مشینری کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔
اجلاس میں محکمہ پولیس کو خصوصی طور پر عید الاضحیٰ کے موقع پر منچلوں کی جانب سے موٹرسائیکل اور گاڑیوں کی اوور سپیڈنگ پر خاص نگاہ رکھنے کی تاکید کی گئی تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع سے بچا جسکے۔ عوام سے استدعا کی گئی ہے کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ڈسٹرکٹ کنٹرول روم کے نمبر 0963511326 پر اطلاع کریں۔