لائف سٹائل

زلزلہ: افغانستان میں مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہو گئی

غلام اکبر مروت

گزشتہ شب آنے والے 6.1 شدت کے زلزلے سے افغانستان میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہو گئی جبکہ 600 سے زائد  زخمی ہو گئے۔

افغانستان کے ڈزاسٹر منیجمنٹ حکام نے  نے مختلف علاقوں میں زلزلے سے ایک ہزار سے زائد افراد کی اموات کی  تصدیق کر دی، زلزلے سے 600 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ زلزلے سے سب سے زیادہ تباہی صوبہ پکتیکا میں ہوئی جہاں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 100 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ ڈھائی سو سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب گزشتہ شب شدید زلزلہ کے باعث شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں واقع چیک پوسٹ کی چھت گرنے کی وجہ سے ایک سیکورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔

زرائع کے مطابق چھت گرنے سے سپاہی عثمان جاں بحق جبکہ حولدار اکرام اور سپاہی کاشف زخمی ہوئے، بعد میں ڈیڈ باڈی اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اسی طرح گزشتہ شب پیش آنے والے زلزلے سے باڑہ قبیلہ اکاخیل میں مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں ماں اپنے سات بچوں سمیت زخمی ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق صبح کے وقت آکاخیل کے علاقے درو اڈہ مداخیل کندے دری میں ضلع دار ولد تھانیدار کے مکان کی چھت اس وقت گر گئی جب گھر کے افراد چائے پی رہے تھے، واقعہ کے بعد مقامی افراد نے ملبے تلے دبے آٹھ افراد کو نکال کر پشاور میڈیکل کمپلیکس ہسپتال منتقل کر دیا۔

ذرائع کے مطابق 3 بچوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے جبکہ چار بچے اور خاتون شدید زخمی حالت میں ہیں، شدید زخمیوں میں عبدالوہاب، عبدالحیات، نامیہ ولد عبد المالک و زوجہ عبدالمالک جبکہ معمولی زخمیوں میں طلحہ ولد ضلع دار، دانش اور ارسلان شامل ہیں۔

لکی: فٹبالر کاشف عالم کے گھر کا منظر

گزشتہ رات تقریباً 2 بجے خیبر پختونخوا سمیت اسلام آباد، پنجاب اور افغانستان کے کچھ علاقوں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے باعث افغانستان میں مبیننہ طور پر دو سو سے زائد افراد جبکہ لکی مروت کے علاقے درہ پیزو میں ایک کمرے کی چھت گر گئی اور نتیجتاً ایک مقامی فٹبالر ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے۔

ایس ایچ او درہ پیزو محمد آیاز خان کے مطابق تھانہ درہ پیزو کے علاقے میں رات 1:55 پر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے، نقصانات کے بارے میں معلومات کیلئے تھانہ سے نکلے اور علاقے میں معلومات کرتے رہے کہ اس دوران کاشف عالم کے رشتہ داروں نے بتایا کہ ان کے کمرے کی چھت گر گئی ہے۔

کاشف عالم ساتھی فٹبالروں کے ہمراہ

آیاز خان نے بتایا کہ چھت گرنے سے کاشف عالم نامی نوجوان ملبے تلے دب گئے تھے۔ بعدازاں لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے سے نوجوان کاشف عالم کی لاش نکالی۔

پولیس کے مطابق گزشتہ تین روز سے وقفے وقفے سے بارش کی وجہ سے سردی تھی۔اور زلزلہ کے وقت وہ کمرے کے اندر سویا ہوا تھا۔

زلزلے اور چھت گرنے سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے نکل کر کلمہ کا ورد کرنے لگے۔

واضح رہے کہ ضلع بھر میں گزشتہ تین دن سے شدید بارش بھی وقفے وقفے سے جاری ہے جس کی وجہ سے کچے مکانات گرنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

بارش سے تھانہ میں کمرے کی چھت گر گئی

ضلع بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے تھانہ سرائے نورنگ میں محرر آفس کی چھت گر گئی ہے۔ دفتر میں کوئی موجود نہ ہونے کی وجہ سے جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس سٹیشن سرائے نورنگ کے مطابق حادثہ نماز فجر کے وقت پیش آیا۔

افغانستان

محرر کے کمرے کی چھت گرنے سے کمرے میں موجود دو عدد سرکاری بیٹریاں، ایک عدد فریج، دو عدد سرکاری سولرز پلیٹ، سرکاری ریکارڈ محفوظ رکھنے کیلئے استعمال ہونے والے چار عدد صندوق، کپڑے، پولیس وردیاں، ایک عدد موبائل سیٹ، سال 2000 سے قبل ایف آئی آرز ریکارڈ، 2009 سے 2014 تک ریکارڈ اور دیگر متفرق سامان ملبے تلے دب گیا جنہیں بعدازاں ملبے سے نکال کر محفوظ کر لیا گیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل طالبان انتظامیہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے سربراہ محمد نسیم حقانی نے زلزلے میں کم از کم 130 اموات کی تصدیق کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ خوست میں 25 اور ننگرہار میں 5 افراد جاں بحق ہوئے البتہ مزید ہلاکتوں کا پتا لگانے کیلئے تحقیقات جا رہی ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.1 تھی اور اس کا مرکز پاکستان اور افغانستان کی سرحد تھی جبکہ زلزلے کی گہرائی 54 کلومیٹر تھی۔ شہریوں نے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکے 30 سے 40 سیکنڈز تک محسوس کیے گئے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button