صحت

مردان: ڈاکٹروں کی غفلت سے بچی جاں بحق، احتجاج پر متاثرہ خاندان کے ساتھ ہاتھاپائی

مردان: میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے کمسن بچی جاں بحق ہو گئی، ڈاکٹروں کے خلاف متاثرہ خاندان نے احتجاج کیا اور اس دوران مشتعل لواحقین اور ڈاکٹروں کے مابین ہاتھاپائی ہوئی۔

مایار غریب آباد کے رہائشی عدنان کی تین سالہ بچی مرجان کو گزشتہ روز پیٹ میں تکلیف کے باعث میڈیکل کمپلیکس ہسپتال سرجیکل اے وارڈ میں داخل کیا گیا تھا۔

بچی کے والد کے مطابق بچی کی حالت بگڑ گئی تو انہوں نے سائیڈ روم میں موجود ڈاکٹر اور عملے کو بار بار اس کی حالت دیکھنے کو کہا لیکن وہ اپنے موبائل فون اور گپ شپ میں مصروف تھے کہ بچی نے تڑپ کر جان دی۔ ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت پر لواحقین مشتعل ہوئے متاثرہ خاندان نے احتجاج کرتے ہوئے زمہ داروں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا۔

واقعے کے حوالے سے ہسپتال ترجمان کا کہنا تھا کہ بچی آبزرویشن میں تھی انہیں الٹی آئی جو اس کی سانس کی نالی میں گئی جس سے اس کی حالت بگڑ گئی وہاں موجود ڈاکٹروں نے پوری کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی، وارڈ میں ڈاکٹروں اور لواحقین کے مابین ہاتھا پائی ہوئیجس  میں خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوئے۔

دونوں فریقوں نے ایک دوسرے کے خلاف ایف آئی آر کے لئے پولیس کو درخواستیں دیں جبکہ ہسپتال انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button