باڑہ: کھانسی کا شربت، نوجوانوں کا نیا نشہ
باڑہ: تحصیل باڑہ میں آئس و دیگر نشہ کے بعد کھانسی کے شربت کو نوجوانوں نے بطور نشہ اپنا لیا، زاہداللہ آفریدی کے مطابق نوجوان یہ نشہ باڑہ بازار میں ضلعی انتظامیہ کے دفتر کے قریب کرتے ہیں۔
ویلج کونسل مشین ڈھنڈ شلوبر میں خیبر یونین پاکستان کے منتخب چیئرمین زاہداللہ آفریدی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل باڑہ میں مساجد اور دیگر مذہبی جگہیں بھی نشہ کرنے والوں سے محفوظ نہیں جہاں سے آئے روز چوریاں ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ باڑہ بازار میں مارکیٹوں کی چھتوں پر کھانسی کے شربت کی خالی بوتلیں کثیر تعداد میں پڑی ہیں جس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ نشہ کے لئے استعمال کی جاتی ہیں۔
چیئرمین نے الزام عائد کیا کہ باڑہ بازار اور گرد و نواح میں بہت زیادہ تعداد میں نشئی افراد ہیں جن کو قریبی جگہوں سے نشہ کرنے کے لئے چیزیں مل جاتی ہیں، میڈیکل سٹورز پر بھی کھانسی کا شربت دیتے وقت قانون کے تقاضے پورے کئے جائیں تاکہ مذکورہ ادویات نشہ کرنے کے لئے استعمال نہ ہوں۔
زاہد اللہ آفریدی نے مطالبہ کیا کہ مقامی ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ادویات کنٹرول کرنے والے متعلقہ محکمے ان کے خلاف موثر کارروائی کریں۔