آئیے شمالی وزیرستان شیراتلہ مدیخیل ڈیم کی سیر کریں
مزمل داوڑ
شیراتلہ مدیخیل ڈیم میں سیاح جوق در جوق آ رہے ہیں، کوئی نہا رہا ہے تو کوئی مچھلی پکڑ کر دریا کے کنارے پروگراموں میں مصروف ہے۔
شمالی وزیرستان ہر قسم قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ یہاں پر ہر قسم میوہ جات مثلاً انگور، سیب، چلغوزے، شہتوت، کھجور و دیگر مختلف قسم کے باغات کثیر تعداد میں پائے جاتے ہیں۔ ایک بہت بڑا دریا، دریائے ٹوچی بھی موجود ہے۔ اس کے ساتھ چھوٹے چھوٹے دریا، اور صاف و شفاف ندی اور چشمے ہیں۔ شمالی وزیرستان کی خوبصورتی میں دریائے ٹوچی، شیراتلہ ڈیم اور مختلف دریاؤں کا کردار قابل دید ہے۔ ان میں سرفہرست شیراتلہ مدیخیل ڈیم ہے۔
شیراتلہ مدیخیل ڈیم کے فوائد
شمالی وزیرستان تحصیل میرعلی کے شیراتلہ مدیخیل ڈیم کی تو بات ہی الگ ہے۔ یہاں وزیرستان کے کونے کونے سے لوگ چکر لگانے کے لئے کثیر تعداد میں اپنے دوستوں اور بچوں کے ہمراہ آتے ہیں۔ یہاں کوئی چاول کا پروگرام تو کوئی اپنے دوستوں کے ہمراہ ڈیم سے مچھلی پکڑ کر لے جاتا ہے۔
آج کل گرمی کے موسم میں گرمی کو دور کرنے کے لئے عوام کثیر تعداد میں ڈیم کا رخ کرتے ہیں اور وہاں پر ٹھنڈے پانی میں نہاتے ہیں۔ شیراتلہ ڈیم کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ اس ڈیم کی وجہ سے یہاں پر ہزاروں ایکڑ زمین سیراب ہوتی ہے اور کھیتوں میں گندم، سبزی، جوار، گھاس اور دیگر ہر قسم فصلیں اگائی جاتی ہیں۔
شیراتلہ مدیخیل ڈیم میں سہولیات کا فقدان
شیراتلہ مدیخیل ڈیم میں سہولیات کی کمی کی وجہ سے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کئی کلومیٹر پر مشتمل روڈ ناپختہ ہے، علاقہ پہاڑی ہے، جگہ جگہ بڑے بڑے پتھر، سڑک کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ یہاں پر عام نیٹ ورک کی سہولت بھی موجود نہیں ہے اس لئے سیاح اپنے دوستوں اور رشتے داروں کے ساتھ رابطہ نہیں کر سکتے۔ اس کے ساتھ جب لوگ شیراتلہ مدیخیل ڈیم میں نہاتے ہیں تو اکثر لوگ اس میں ڈوب کر وفات پا جاتے ہیں۔ اس لئے کہ وہاں پر ریسکیو یا کوئی اور ادارہ عوام کو بچانے کےلئے موجود نہیں رہتا ہے۔ اب تک کئی اموات ہو چکی ہے ہیں، لوگوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہاں پر جو سیاح آتے ہیں ان کے کھانے پینے کے لئے کوئی ہوٹل یا گاڑیوں کو کھڑا کرنے کے لئے کوئی پارکنگ بھی موجود نہیں ہے۔
ٹی این این کے ساتھ گفتگو میں شیراتلہ مدیخیل ڈیم آئے ہوئے سیاح خالد شاہ نے کہا کہ ہم یہاں اپنے دوستوں کے ہمراہ چکر لگانے کے لئے آئے ہیں، چاول اور دیگر خوراک کا انتظام بھی کیا ہے کیونکہ یہاں پر ہوٹل، کیفے وغیرہ کی سہولیات نہیں اس لئے یہاں جو بھی آتا ہے اسے مکمل بندوبست کرنا ہوتا ہے، یہاں قدرت کے خوبصورت مناظر ہم نے دیکھے اور بہت انجوائے کیا، یہاں آ کر ہم نے بہت اچھا محسوس کیا، یہاں کے لوگ بہت مہمان نواز اور ملنسار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں اس ڈیم کی خوبصورت اپنی جگہ پر موجود ہے ۔
شمالی وزیرستان شیراتلہ مدیخیل کے رہائشی عمر خطاب نے بتایا کہ ڈیم میں ہر قسم خوبی موجود ہے لیکن یہاں پر سہولیات موجود نہیں ہیں، یہاں پر ہوٹل، پارکس، روڈ، نیٹ ورک، بچوں کے لئے جھولے، پکے روڈز اور دیگر اہم سہولیات موجود نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہاں پر سہولیات مہیا کی گئیں تو میرعلی ڈویژن کے لوگوں کی تقدیر بدل جائے گی، کاروبار بڑھ جائے گا، ہزاروں کی تعداد میں لوگ یہاں پر کاروبار میں مصروف ہوں گے، کروڑوں روپے کی آمدن ہو گی جس وزیرستان ہی نہیں بلکہ پاکستان کی معیشت میں کافی بہتری آئے گی۔