خیبر: جماعت دہم کی طالبہ اپنی شادی کے دن امتحان دینے ہال پہنچ گئی
سلمان یوسفزے
ضلع خیبر کے علاقے لنڈیکوتل میں جماعت دہم کی طالبہ اپنی شادی کے دن امتحان دینے ہال پہنچ گئی۔
ہفتہ کے روز صبح کے وقت مقامی صحافی محمد جواد نے اپنی فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ طالبہ اس وقت میں ہال میں موجود ہے جبکہ اس کے گھر میں اس کی شادی کی خوشیاں منائی جا رہی ہیں۔
ٹی این این کی جانب سے رابطہ پر اس حوالے سے طالبہ کے چچا اسماعیل شینواری نے بتایا کہ انہوں نے لڑکی کے سسرال والوں کی مخالفت کے باوجود اپنی بھتیجی کو پرچہ دینے کے لئے امتحانی ہال تک پہنچایا جبکہ پرچہ ختم ہونے کے بعد طالبہ دلہن بنی گھر پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے اپنی بھتیجی کا نام نہ ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ آج ان کا چوتھا پرچہ تھا اور آج ہی کے دن خاندان والوں نے ان کی شادی کی تاریخ مقرر کی تھی ایسے میں یہ مشکل تھا کہ وہ شادی کی تقریبات چھوڑ کر پرچہ دینے ہال چلی جائے تاہم تمام مشکلات کے باوجود بھی میں نے اس کا ساتھ دیا۔
اسماعیل کے بقول میں نے بذات خود بہت کوشش کی کہ امتحان ختم ہونے کے بعد بھتیجی کی شادی ہو جائے لیکن سسرال والوں نے علاقائی رسم و رواج کو نہ توڑتے ہوئے آج ہی کے دن شادی کی ضد پکڑ لی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ اب بھی بھتیجی کے چار پرچے باقی ہیں اور وہ کوشش کریں گے کہ ان کے سسرال والوں کو اس بات پر آمادہ کریں کہ وہ شادی ہونے کے بعد طالبہ کو امتحان دینے کی اجازت دیں تاکہ وہ اپنا تعلیمی سفر جاری رکھ سکے۔
طالبہ کا موقف جاننے کے لئے رابط کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہاں سے بتایا گیا کہ علاقے کی روایات ہمیں اس بات کی اجازت نہیں دیتیں کہ وہ خود میڈیا سے بات کر کے اپنا موقف واضح کرے۔