باڑہ: ”نڈر صحافی نصر اللہ شہید نے ہمیشہ سچ کا ساتھ دیا”
باڑہ: شہید صحافی نصر اللہ آفریدی کی گیارہویں برسی پوری عقیدت و احترام کے ساتھ باڑہ پریس کلب میں منائی گئی جس شہید کے فرزند فیض اللہ آفریدی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
اس موقع پر سابق وزیر مملکت و قبائلی مشر ملک وارث خان آفریدی، ملک دین خیل قومی کونسل کے چیئرمین عبدالواحد آفریدی، لنڈی کوتل پریس کلب کے صدر محراب آفریدی، پی پی پی کے شیر شاہ آفریدی، ولایت خان آفریدی اور جان ولی آفریدی، خیبر یونین پاکستان کے بازار گل آفریدی اور مرکزی سیکرٹری جنرل زاہد اللہ آفریدی، عوامی انقلابی لیگ کے مرکزی صدر عطاء اللہ خان آفریدی، ایس ایچ او تھانہ باڑہ سوالزر خان آفریدی اور سب انسپکٹر کفایت خان آفریدی، تحصیل دار باڑہ ریاض الحق، جرگہ پاکستان کے کنوینر عابد آفریدی اور ڈاکٹر عبدالواہاب آفریدی، اے این پی کے عرفان آفریدی، خدمت خلق کمیٹی شلوبر کے صدر ساجد خان آفریدی، انجمن تاجران باڑہ کے چیئرمین علی محمد آفریدی، سپیشل پرسن آرگنائزیشن کے چیئرمین ایاز آفریدی، ڈائریکٹر عثمانیہ ماڈل سکول حاجی محمد سمیت لنڈی کوتل پریس کلب کے سینئر صحافی ابراہیم شینواری، عبدالعظم شینواری، وحید اللہ آفریدی، علی شینواری، مدثر شاہ آفریدی اور ٹرائبل نیوز نیٹ ورک کے ڈائریکٹر سید نذیر آفریدی سمیت سیاسی و سماجی شخصیات، مقامی عمائدین، سٹوڈنٹس، تاجر برادری کے علاوہ باڑہ پریس کلب کے صحافیوں نے شرکت کی۔
برسی کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید نصر اللہ آفریدی نہ صرف صحافتی بلکہ سماجی خدمات میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے، شہید صحافی حقیقی معنوں میں اپنے علاقائی عوام کی آواز حکام بالا تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے تھے۔
اس موقع پر ضلع خیبر کے سینئر صحافیوں نے شہید کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نصر اللہ آفریدی ایک باصلاحیت اور نڈر صحافی تھے، شہید اپنے پیشے کے ساتھ بے حد مخلص تھے، شہید نے ہمیشہ سچ کا ساتھ دیا، شہید ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
سینئر صحافیوں نے کہا کہ آج جس پریس کلب میں ہم یہ شہید کی برسی منا رہے ہیں یہ بھی شہید نصر اللہ آفریدی کی مرہون منت ہے۔
برسی کے آخر میں ضلع خیبر کے سینئر صحافیوں نے شہید نصر اللہ آفریدی کے فرزند فیض اللہ آفریدی کو باڑہ پریس کلب کی جانب سے شہید کی صحافتی اور سماجی خدمات کے اعتراف میں شیلڈ بھی پیش کیا۔
واضح رہے کہ آج سے گیارہ سال پہلے 10 مئی 2011 کو نصر اللہ آفریدی خیبر سپر مارکیٹ پشاور صدر میں کار بم دھماکہ میں شہید ہوئے تھے۔