عامر لیاقت کی تیسری بیوی دانیہ شاہ بھی طلاق لینے عدالت پہنچ گئیں
معروف ٹی وی میزبان، سیاسی رہنماء اور سابق رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کی تیسری بیوی دانیہ شاہ بھی طلاق لینے عدالت پہنچ گئیں اور تنسیخِ نکاح، 11 کروڑ روپے سے زائد حق مہر اور نان نفقہ کا دعویٰ دائر کر دیا۔
گزشتہ روز عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ نے انکشاف کیا کہ اس نے عامر لیاقت سے طلاق لینے کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے اور اس کے ساتھ ہی طلاق لینے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ عامر لیاقت نہ صرف نشہ کرتا ہے بلکہ نشے میں دھت ہو کر مجھ پر تشدد بھی کرتا ہے۔ عامر لیاقت عیاش آدمی ہے لہذا عدالت عامر لیاقت سے تنسیخ نکاح کی ڈگری جاری کرے۔
انسٹاگرام پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں دانیہ شاہ نے عامر لیاقت سے طلاق لینے کی اطلاع دیتے ہوئے سابق رکن قومی اسمبلی پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ نشہ آور ہو کر آئے روز تشدد کا نشانہ بناتے ہیں، عامر لیاقت جیسے دکھتے ہیں ویسے بالکل نہیں ہیں، شادی کے 4 ماہ کسی اذیت سے کم نہیں تھے۔
دانیہ شاہ کے مطابق انہیں لگا جیسے وہ دوزخ میں ہیں اور انہیں کسی غلطی کی سزا مل رہی ہے۔ عامر لیاقت کی جسمانی کمزوری کا ذکر کر کے دانیہ نے یہ سنگین الزام بھی عائد کیا کہ عامر ان کی نازیبا ویڈیوز بنا کر بیرون ملک بیجتا تھا، نامحرم افراد کے سامنے آنے پر مجبور کرتا اور انکار پر اسے چار چار، پانچ پانچ دنوں کے لئے کمرے میں بند کر دیتا تھا۔
دانیہ نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ عامر لیاقت نے ان کا گلا بھی دبایا ہے، ان کو تشدد کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
دانیہ شاہ کا الزام ہے کہ عامر لیاقت چھوٹے سے کمرے میں رکھتے تھے، تنسیخ نکاح سمیت دیگر مقدمات دائر کر دیے ہیں، عامر لیاقت حسین مجھے اور والدین کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں، اگر مجھے یا میرے خاندان کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار عامر لیاقت حسین ہی ہوں گے۔
دانیہ شاہ نے اپنی درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ عدالت حق مہر کے 11 کروڑ روپے، گھر اور زیورات کی ادائیگی کا حکم دے۔ عدالت نے عامر لیاقت حسین کو 7 جون کیلئے نوٹسز جاری کر دیئے۔
دوسری جانب عامر لیاقت حسین نے اپنی تیسری بیوی دانیہ شاہ کے الزامات کے جواب میں سوشل میڈیا پر ایک طویل پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے دانیہ شاہ کے الزامات کو من گھڑت اور جھوٹا قرار دے دیا۔