عید الفطر کے پہلے 4 روز میں 3 لاکھ 63 ہزار سے زائد سیاحوں نے خیبرپختونخوا کا رخ کیا
محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کائیٹ پراجیکٹ نے عیدالفطر کے 4 دنوں کے دوران صوبے کے 7 مختلف اہم سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی آمد کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔ رپورٹ کے مطابق عید الفطر کے پہلے 4 روز میں 3 لاکھ 63 ہزار سے زائد سیاحوں نے خیبرپختونخوا کا رخ کیا۔
ترجمان محکمہ سیاحت کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی آمد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جس سے مقامی معیشت میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کیں۔
سیاحوں کی سہولت کے لئے ٹورسٹ فیسیلیٹیشن ہب خیبرپختونخوا 24/7 ہیلپ لائن قائم کی گئی۔ ہیلپ لائن کے ذریعے سیاحوں کی بھرپور رہنمائی فراہم کی گئی۔ ٹورسٹ فیسیلیٹیشن ہب خیبرپختونخوا 24/7 ہیلپ لائن سیاحوں کو صوبے میں سیاحت سے متعلق ہر قسم کی معلومات فراہم کر رہی ہے۔
خیبرپختونخوا آنے والے سیاح کسی بھی سیاحتی و سفری معلومات یا سفر کے دوران کسی بھی غیر متوقع صورت حال سے بچنے کے لیے ہیلپ لائن نمبر 1422 پر رابطہ کریں۔ ترجمان کے مطابق سیاحتی مقام کے لیے روانہ ہونے سے پہلے محفوظ سفر اور ذمہ دارانہ سیاحت کو یقینی بنانے کے لیے سوشل میڈیا چینلز کے ذریعے جاری کردہ سیاحتی ہدایات پر عمل کریں۔
امسال ہزاروں سیاحوں نے باقی سیاحتی مقامات کی طرح ضلع سوات کا رخ بھی کیا۔ بونیر سے سوات آئے ہوئے سیاح فضل رحیم نے ٹی این این کو بتایا کہ انہوں نے سوات میں حسین نظاروں کو بہت انجوائے کیا، سوات میں بہترین انتظامات کیے گئے ہیں اور سیاحوں کا پورا پورا خیال رکھا جارہا ہے جبکہ جگہ جگہ بچوں کے لیے جھولوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔