ضلع خیبر میں زیتون کی بہترین پیداوار کی توقع، محکمہ زراعت کا کسانوں کے ساتھ عملی تعاون

محکمہ زراعت خیبر کی جانب سے زیتون کی پیداوار میں بہتری کے لیے جاری اقدامات کے تحت گاؤں شاہ کس میں واقع ایک 11 ایکڑ رقبے پر مشتمل زیتون کے باغ کا معائنہ کیا گیا، جہاں امسال غیر معمولی پیداوار کی امید ظاہر کی گئی ہے۔
محکمہ زراعت ضلع خیبر کے ڈائریکٹر ضیاء الاسلام داوڑ کی ہدایت پر ایگریکلچر آفیسر سید عبدالقادر گیلانی اور فیلڈ اسسٹنٹ نوید خان نے کسان احمد گل کے زیتون کے باغ کا دورہ کیا۔ باغ میں ہر پودا زیتون کے دانوں سے لدا ہوا تھا۔
کسان احمد گل نے اس موقع پر محکمہ زراعت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "محکمہ کی بروقت رہنمائی اور مسلسل تعاون کے باعث آج میرا زیتون کا باغ کامیابی کی علامت بن چکا ہے۔”
ڈائریکٹر زراعت ضیاء الاسلام داوڑ نے اعلان کیا کہ ضلع خیبر میں زیتون کے تیل نکالنے کے لیے جدید ایکسٹریکشن مشین اگست 2025 میں باڑہ ایگریکلچر ٹریننگ سنٹر میں فعال کر دی جائے گی۔ اُنہوں نے زیتون کے تمام مقامی کاشتکاروں سے اپیل کی کہ وہ اپنی پیداوار اگست میں مرکز پر لائیں تاکہ بروقت اور خالص زیتون کا تیل حاصل کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق، زیتون کی اس فصل سے نہ صرف مقامی کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا بلکہ یہ ضلع خیبر میں زرعی ترقی کے ایک نئے دور کی بنیاد بھی رکھے گی۔