خیبر پختونخواعوام کی آواز

لکی مروت: باران ڈیم سے مروت کینال کیلئے پانی کے حصول کی کوشش، مسلح لشکر بنوں روانہ

غلام اکبر مروت

باران ڈیم سے مروت کینال میں پانی کے حصول کے لیے مروت بیٹنی قومی تحریک کے چیئرمین انعام اللہ خان مسلح ساتھیوں کے ہمراہ بنوں روانہ ہو گئے ہیں۔ روانگی سے قبل مقامی پولیس حکام کی جانب سے مذاکرات کی کوشش کی گئی تاہم یہ کوششیں ناکام رہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈی ایس پی لکی مروت نے انعام اللہ خان کو قائل کرنے کی کوشش کی کہ وہ بنوں کا رخ نہ کریں، تاہم بات چیت نتیجہ خیز ثابت نہ ہوئی اور انعام اللہ خان اپنے مسلح لشکر سمیت روانہ ہو گئے۔

واضح رہے کہ انعام اللہ خان گزشتہ کئی مہینوں سے باران ڈیم سے مروت کینال میں پانی چھوڑنے کا مطالبہ کر رہے ہیں، اور اس مقصد کے لیے متعدد احتجاج بھی کئے گئے۔ کچھ ماہ قبل اس معاملے پر اقوامِ بنوں اور مروت و بیٹنی کے درمیان مسلح تصادم کی فضا پیدا ہو گئی تھی تاہم بعد ازاں حالات معمول پر آ گئے تھے۔

دو ہفتے قبل انعام اللہ خان نے 15 جولائی کو بنوں جانے کا اعلان کیا تھا، جس کے فوراً بعد دو روز قبل ان پر آئی ای ڈی حملہ کیا گیا۔ حملے میں انعام اللہ خان محفوظ رہے، تاہم ان کا ساتھی عرفان اللہ جاں بحق ہو گیا۔

ادھر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں نے صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو ریاستی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بنوں میں کسی مسلح لشکر کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور ایسے عناصر کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button