تربیلا ڈیم سے پانی کا اخراج، دریاؤں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ

تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد آج دوپہر 12:30 بجے اسپِل وے کھول دیئے گئے، جس کے نتیجے میں دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 60 ہزار سے 2 لاکھ 70 ہزار کیوسک تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ کے اطراف کے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ٹیموں اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ دریاؤں، ندی نالوں اور دریا کے کناروں کے قریب جانے سے گریز کریں۔ ماہی گیروں، مویشی چرانے والوں اور دریائی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونے کی تلقین کی گئی ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔ والدین سے کہا گیا ہے کہ وہ بچوں کو ندی نالوں کے قریب نہ جانے دیں، جبکہ سیاحوں اور مقامی افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
کسی بھی ہنگامی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ ادارے نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ عوام کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔