خیبر پختونخواعوام کی آواز

خیبرپختونخوا: مون سون بارشوں کے باعث دریاؤں میں سیلابی صورتحال

خیبر پختونخوا میں مون سون بارشوں کے نتیجے میں دریاؤں میں نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں، ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کی وارننگ جاری کر دی ہے۔

فلڈ سیل کی تازہ رپورٹ کے مطابق، دریائے سندھ میں خیرآباد کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3,08,500 کیوسک جبکہ تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد 3,03,000 اور اخراج 2,99,400 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دریائے ادیزئی میں پانی کا بہاؤ 36,700 کیوسک، دریائے کابل میں ورسک کے مقام پر 39,249 کیوسک اور نوشہرہ میں 56,200 کیوسک، جبکہ دریائے سوات میں چکدرہ پر 8,027 کیوسک اور خوازہ خیلہ پر 7,219 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، چترال، دیر، سوات، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، ایبٹ آباد، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان، تورغر، مانسہرہ، کرم، خیبر، مہمند، اورکزئی، کوہاٹ، ہنگو، کرک، لکی مروت، بنوں، ٹانک، ڈی آئی خان اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ چترال، سوات، بونیر، دیر، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، تورغر، مردان، صوابی، خیبر اور کرم میں ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خدشہ ہے۔

گزشتہ روز ایبٹ آباد، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، بونیر، مردان، باجوڑ، کوہاٹ اور کرم میں بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش رسالپور میں 38 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، جبکہ کاکول میں 30، چراٹ میں 20 اور بالاکوٹ میں 15 ملی میٹر بارش ہوئی۔

پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت 24 اور زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ مالم جبہ میں سب سے کم درجہ حرارت 16 اور کالام میں 17 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button