خیبرپختونخوا: درجہ حرارت میں اضافے سے گلیشیئرز کے پھٹنے کا خطرہ، پی ڈی ایم اے

خیبرپختونخوا میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافے کے باعث گلیشیائی علاقوں میں گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے اور فلیش فلڈز کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے چترال، دیر، سوات اور کوہستان کے عوام کو ممکنہ خطرات سے خبردار رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو حساس مقامات کی نگرانی، بروقت وارننگ سسٹم کی تیاری اور انخلاء کی مشقیں یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عوام کو ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے اور گاڑیاں تیز بہاؤ والے پانی میں لے جانے سے اجتناب برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ممکنہ متاثرہ علاقوں میں انخلا کے لیے مقامات پہلے سے تیار کر لیے گئے ہیں، جبکہ پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو بھی محتاط رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
علاوہ ازیں، این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور سی اینڈ ڈبلیو سمیت متعلقہ اداروں کو سڑکوں کی بروقت بحالی کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے، جب کہ عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر 24 گھنٹے فعال ہے، اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع یا معلومات کے لیے شہری 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔