6 محرم سے پشاور کی تمام اہم شاہراہیں بند، فوجی دستوں کی تعیناتی متوقع

محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے حساس اضلاع میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق 6 محرم الحرام سے پشاور شہر کی تمام داخلی اہم شاہراہیں بند کر دی جائیں گی، جبکہ ساتویں محرم سے مکمل سیکیورٹی لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے۔
پلان کے مطابق صوبے بھر میں 70 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے جا چکے ہیں، جب کہ پشاور میں اضافی فورس بھی مختلف حساس مقامات پر متعین ہے۔ مزید 3 ہزار اہلکاروں کو مخصوص علاقوں میں سیکیورٹی فرائض سونپ دیئے گئے ہیں۔
دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر متعدد ہوٹلز اور میڈیکل پلازے بند کر دیئے گئے ہیں۔ دسویں محرم تک پشاور کینٹ مکمل بند رہے گا، جبکہ بی آر ٹی سروس دو روز کے لیے معطل رہے گی۔ مہاجرین کو بھی سیکیورٹی خدشات کے باعث عارضی کیمپوں تک محدود کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حساس علاقوں میں فوجی اور نیم فوجی دستوں کی تعیناتی بھی متوقع ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔