خیبرپختونخوا: پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری

خیبر پختونخوا میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کے پیش نظر خیبر پختونخوا ٹورازم اتھارٹی اور محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ بارشوں کے باعث بالائی اضلاع اور پہاڑی علاقوں میں سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات لاحق ہو گئے ہیں، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
ٹورازم اتھارٹی کے مطابق بالائی علاقوں، خاص طور پر لواری ٹنل کے اطراف شدید بارش ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے سڑکوں کی بندش، ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ ادارے نے سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، دیر، چترال، سوات، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کرم، خیبر، اورکزئی، کوہاٹ، مہمند، ہنگو، بنوں، کرک، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، بارش کے باعث دریائے کابل، سوات اور پنجگوڑہ سمیت مختلف ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ صوابی، مانسہرہ، کوہستان، سوات، دیر، شانگلہ اور وزیرستان کے پہاڑی علاقوں میں زمین کھسکنے کا خطرہ بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات نے درجہ حرارت کی تفصیلات بھی جاری کی ہیں، جن کے مطابق پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 39 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ مالم جبہ میں سب سے کم 16 اور کالام میں 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ڈی آئی خان اور بنوں میں پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
ٹورازم اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں ہیلپ لائن 1422 پر رابطہ کریں اور قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے پیشگی اقدامات کریں۔