خیبر پختونخوا: مون سون بارشوں سے 11 افراد جاں بحق اور 56 مکانات تباہ

خیبر پختونخوا میں جاری مون سون بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے جاری کر دی ہے، جس کے مطابق مختلف حادثات میں اب تک 11 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو چکے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں چار مرد، تین خواتین اور چار بچے شامل ہیں۔ ضلع سوات کو سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ قرار دیا گیا ہے، جہاں شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی صورتحال دیکھنے میں آئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبے بھر میں مجموعی طور پر 56 مکانات کو نقصان پہنچا ہے، جن میں سے 6 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ 50 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سوات کے علاقے خوازہ خیلہ کے قریب دریائے سوات میں طغیانی کی اطلاع ملی ہے، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے مزید ممکنہ سیلاب کے پیش نظر نوشہرہ اور چارسدہ کی ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے اور امدادی ٹیمیں ہمہ وقت الرٹ پر ہیں اور عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری طور پر مقامی حکام یا پی ڈی ایم اے کے ہیلپ لائن نمبر پر رابطہ کریں۔