خیبر پختونخوا کے کن علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی ہوئی ہے؟

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرمی کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، چترال، دیر اور سوات سمیت مالاکنڈ، باجوڑ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان، تورغر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح خیبر، اورکزئی، کوہاٹ، ہنگو، بنوں اور کرک میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
گزشتہ روز بھی پشاور، مردان اور دیر میں بارش ہوئی جس سے گرمی کی شدت میں وقتی کمی آئی۔ تیمرگرہ میں 38 ملی میٹر، کاکول میں 8، رسالپور میں 5، باجوڑ میں 3 جبکہ پشاور اور تخت بھائی میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 53 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
مالم جبہ میں سب سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ اور کالام میں 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پارہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو گرمی کی شدت اور ممکنہ بارشوں کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔