خیبر پختونخواعوام کی آواز

وزیراعظم کا خیبر پختونخوا میں جرگہ نظام بحال کرنے کیلئے 18 رکنی کمیٹی کا اعلان

وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں متبادل نظام انصاف کے طور پر روایتی جرگہ سسٹم کی بحالی کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے 18 رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

وزیر اعظم آفس کے نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ کمیٹی خیبر پختونخوا کے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے گی اور ایک ماہ کے اندر وزیر اعظم کو اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

کمیٹی کا مینڈیٹ اس بات کا جائزہ لینا ہے کہ جرگہ نظام کو آئین اور عدالتی نگرانی کے دائرے میں کیسے دوبارہ متعارف کرایا جا سکتا ہے، اور یہ یقینی بنایا جائے کہ مجوزہ طریقہ کار ہر طبقے کے شہریوں کے لیے قابل قبول ہو۔

اس کمیٹی کا ایک اور مقصد یہ بھی ہے کہ ضلعی و سول انتظامیہ کو تنازعات کے حل میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے مضبوط بنایا جائے۔

کمیٹی کے کنوینر وفاقی وزیر برائے سیفران انجینئر امیر مقام ہوں گے جبکہ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کو شریک کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔ دیگر اراکین میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا یا ان کے نمائندہ اور گورنر خیبر پختونخوا یا ان کے نمائندہ شامل ہیں۔

کمیٹی میں سابق چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا شکیل درانی، سیکریٹری ایپکس کمیٹی (SIFC) ڈاکٹر محمد جہانزیب خان، سابق آئی جی پی خیبرپختونخوا صلاح الدین محسود بھی شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ کشمیر و گلگت بلتستان، منصوبہ بندی، اقتصادی امور، داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول، اور اوورسیز پاکستانی و انسانی وسائل کی وزارتوں کے سیکریٹریز بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا، انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا، جی ایچ کیو اور وزارت دفاع کے ایم او ڈائریکٹوریٹ کے نمائندے بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button