خیبر پختونخواعوام کی آواز

لکی مروت: دہشتگردوں کا بیٹنی گیس فیلڈ پر حملہ، پنجاب جانے والی پائپ لائن تباہ

غلام اکبر مروت

ضلع لکی مروت میں دہشتگردی کے حالیہ سلسلے نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے، جہاں گزشتہ شب بیٹنی آئل اینڈ گیس فیلڈ سے پنجاب جانے والی مین گیس پائپ لائن کو بارودی مواد سے نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے بعد گیس نے آگ پکڑ لی، جس سے بڑے پیمانے پر شعلے بلند ہوئے اور گیس کا شدید اخراج شروع ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق پائپ لائن کو تورواہ نامی برساتی نالے میں نشانہ بنایا گیا، جہاں یہ زمین کی سطح پر موجود تھی، جس کے باعث دہشتگردوں کو کارروائی میں آسانی ہوئی۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کے دستے فوری طور پر موقع پر پہنچے اور علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کیا گیا، تاہم تاحال کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی ہے۔

ایس ایچ او تھانہ صدر قادر خان کے مطابق وانڈہ آمیر اور اچوخیل کے اطراف میں دہشتگردوں کی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، اور مین گیس پائپ لائن پر حملہ بھی اسی تسلسل کا حصہ ہے۔

بیٹنی آئل اینڈ گیس فیلڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد پنجاب جانے والی گیس کی ترسیل فوری طور پر بند کر دی گئی ہے، اور مین پائپ لائن کی بحالی و مرمت کے لیے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔ حکام ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ گیس کی ترسیل جلد از جلد بحال کی جا سکے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button