خیبر پختونخواعوام کی آواز

پیسکو کا عید پر بلا تعطل بجلی فراہمی کا وعدہ وفا نا ہو سکا

محمد سلمان

پیسکو کی جانب سے عید الاضحی پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی کا وعدہ زبانی دعوؤں تک محدود رہا، عید کے دوسرے دن صوبے بھر میں بدترین لوڈشیڈنگ کا آغاز کر دیا گیا تھا جس پر عوام نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔

پیسکو کے چیف آپریشن آفیسر نے 5 جون کو تمام سرکلز کو مراسلہ جاری کیا تھا، جس میں سخت گرمی کی پیشگوئی کے پیش نظر عید الاضحی کے دوران بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ تاہم عید کے دوسرے دن پشاور کے سرکی گیٹ، قائد آباد، گلدرہ، کریم آباد اور آسیہ گیٹ سمیت دیگر اضلاع میں گھنٹوں پر محیط لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو سخت اذیت میں مبتلا کر دیا۔

متاثرہ علاقوں کے شہریوں نے سوشل میڈیا پر پیسکو کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پیسکو چیف اور متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے پیسکو کی پریس ریلیز کو "عوام سے سنگین مذاق” قرار دیا ہے۔

سرکی گیٹ کے رہائشی ولید خان نے کہا، "ہمیں بتایا گیا تھا کہ عید کے تین دن سکون سے گزر جائیں گے، مگر اعلان صرف دکھاوا نکلا، اگر لوڈشیڈنگ ہی کرنی تھی تو اعلان کیوں کیا گیا؟” گلدرہ کے وقاص خان نے کہا کہ "عیدالفطر پر بھی یہی کچھ ہوا، اور اب بڑی عید پر بھی پیسکو نے وہی رویہ اپنایا، جس سے عید کا مزہ خراب ہو گیا۔”

ذرائع کے مطابق پیسکو ہیڈ کوارٹر میں قائم کیا گیا کنٹرول روم صرف فون سننے تک محدود رہا جبکہ پاور ڈسٹری بیوشن سینٹر (PDC) کے مطابق پیسکو چیف نے صرف پہلے دن بجلی فراہم کرنے کی ہدایت دی تھی، حالانکہ پریس ریلیز میں پورے تین دنوں کے لیے بجلی کی فراہمی کی بات کی گئی تھی۔

عوامی حلقے پیسکو کے اس رویے کو بداعتمادی اور ناقابل قبول قرار دے رہے ہیں اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ بجلی کی فراہمی کے وعدے پورے نہ کرنے والے افسران کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button