خیبر پختونخوا میں شدید گرمی کی لہر کا خدشہ، پی ڈی ایم اے

خیبر پختونخوا میں 7 سے 12 جون کے دوران شدید گرمی کی لہر کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ عید کے دوران دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق گرمی کی شدت خاص طور پر جنوبی اور وسطی اضلاع میں برقرار رہے گی۔ شدید گرمی کے باعث گرد و غبار اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہی ہیٹ اسٹروک اور آبی ذخائر پر دباؤ بڑھنے کا امکان ہے۔
ہیٹ ویو کے دوران عوام کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز، پانی کے زیادہ استعمال، اور خاص طور پر بزرگوں اور بچوں کو صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک دھوپ سے محفوظ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے مراسلے میں کہا ہے کہ گرمی کی شدت سے بالائی علاقوں میں برفباری کے ذخائر تیزی سے پگھل سکتے ہیں، جس سے ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھنے کا امکان بھی موجود ہے۔
کسانوں کو فصلوں کی کٹائی کے دوران احتیاط برتنے اور مویشیوں کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ، ہیلتھ سروسز، پیرا میڈیکس، ریسکیو 1122 اور ہیٹ اسٹروک سینٹرز کو الرٹ رہنے اور فعال رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سفر سے قبل اپنی گاڑیوں کے انجن اور ٹائروں کی حالت چیک کریں، اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر فوری اطلاع دیں۔