خیبر پختونخواعوام کی آواز

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر

محمد طیب

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی جانب سے لاہور بار ایسوسی ایشن کو 5 کروڑ روپے فنڈ دینے کے فیصلے پر الیکشن کمیشن میں ان کی نااہلی کے لیے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

درخواست گزار پشاور ہائی کورٹ کے ارسلان آفریدی ایڈووکیٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ وزیراعلیٰ نے صوبائی کابینہ کی منظوری سے لاہور بار ایسوسی ایشن کو 5 کروڑ روپے کا فنڈ دینے کا اعلان کیا، جو کہ دوسرے صوبے کی بار ایسوسی ایشن کو مالی فائدہ پہنچانے کے مترادف ہے اور یہ اقدام "رشوت” کے زمرے میں آتا ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے صوبے کی امانت میں خیانت کی ہے اور خیبر پختونخوا کی عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ صوبائی فنڈز کو کسی اور صوبے میں صرف ایمرجنسی یا آفت کی صورت میں استعمال کیا جا سکتا ہے، لیکن موجودہ صورتحال میں ایسا کوئی جواز موجود نہیں۔

درخواست گزار نے نشاندہی کی ہے کہ خیبر پختونخوا پہلے ہی شدید معاشی مشکلات کا شکار ہے اور ایسے میں صوبائی خزانے سے فنڈز کا باہر استعمال غیر قانونی اور آئین کی خلاف ورزی ہے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کا یہ اقدام ان کے میڈیٹ اور حلف کی خلاف ورزی ہے، جبکہ فنڈز کے استعمال سے متعلق سپریم کورٹ کے واضح فیصلے، آئین اور این ایف سی ایوارڈ بھی موجود ہیں۔

درخواست میں الیکشن کمیشن سے استدعا کی گئی ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو نااہل قرار دیا جائے، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور انہیں صوبائی اسمبلی کی نشست سے ڈی نوٹیفائی کیا جائے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button