خیبر پختونخواعوام کی آواز

خیبر پختونخوا: طوفانی بارشوں سے 8 افراد جاں بحق، 21 زخمی

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبہ خیبر پختونخوا میں 27 مئی سے جاری بارشوں، آندھی اور ژالہ باری کے باعث جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق، طوفانی بارشوں اور تیز ہواؤں کے نتیجے میں مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 21 افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 5 مرد، 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے، جبکہ زخمیوں میں 10 مرد، 5 خواتین اور 6 بچے شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، بارش اور آندھی کے نتیجے میں صوبے بھر میں 25 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 24 مکانات جزوی طور پر متاثر جبکہ ایک گھر مکمل طور پر منہدم ہو گیا۔

متاثرہ اضلاع میں مردان، صوابی، پشاور، شانگلہ، سوات، تورغر، مہمند، مانسہرہ اور ہری پور شامل ہیں جہاں مختلف مقامات پر حادثات پیش آئے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو فوری امدادی کارروائیوں کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، تاکہ متاثرہ خاندانوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور زخمیوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات مہیا کی جا سکیں۔

مزید برآں، بارشوں کا سلسلہ 31 مئی تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پہلے ہی الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کی ہدایت کی جا چکی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق، ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button