خیبر پختونخواعوام کی آواز

تیز بارش اور آندھی سے خیبرپختونخوا میں تباہی، اپر کوہستان میں سڑکیں بند

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ پشاور، خیبر، لوئر دیر، ایبٹ آباد، اپر کوہستان، نوشہرہ سمیت کئی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔

تحصیل باڑہ، شلوبر کے علاقے بیسئ بابا پہاڑی کے قریب آندھی اور طوفانی بارش کے باعث حسین نامی شخص کا خستہ حال مکان بری طرح متاثر ہو گیا۔ گھر کا واحد کمرہ اور برآمدہ منہدم ہو گئے، جس سے خواتین اور بچے زخمی ہوئے، جبکہ گھریلو سامان بھی تباہ ہو گیا۔

تحصیل جمرود میں بارش اور تیز ہواؤں سے گرمی کا زور کم ہوا جبکہ شہری لطف اندوز ہوتے دکھائی دیے۔ لوئر دیر اور مضافات میں بھی موسم خوشگوار ہو گیا اور گرد و غبار ختم ہو گیا۔

ادھر نوشہرہ میں آندھی سے دیوار گرنے کے واقعے میں ایک نوجوان زخمی ہوا، جسے ریسکیو 1122 نے فوری طبی امداد کے بعد اسپتال منتقل کر دیا۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جبکہ پی ڈی ایم اے نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ اپر کوہستان میں سیلابی ریلے کے باعث قراقرم ہائی وے مختلف مقامات سے بند کر دی گئی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button