ٹھنڈی ہوائیں، بادل اور بارشیں! مگر کب سے؟

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج رات سے بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے کل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے عوام کو بارش کے دوران بجلی کی ننگی تاروں، بوسیدہ عمارتوں، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہنے کی ہدایت دی ہے۔ کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی زرعی سرگرمیاں موسمی پیش گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے ترتیب دیں۔
بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی افراد کو احتیاط برتنے اور حالات سے باخبر رہنے کی تلقین کی گئی ہے، جبکہ حساس اضلاع میں مقامی زبانوں میں آگاہی پیغامات جاری کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل کے مطابق سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفر سے قبل پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں تاکہ موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے آگاہی حاصل کر سکیں۔