ایم پی اے داؤد آفریدی کا انوکھا احتجاج: اجلاس میں اے سی اور پنکھے بند کر دیئے

باسط گیلانی
کوہاٹ ڈویژن میں بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف رکن خیبر پختونخوا اسمبلی داؤد آفریدی نے اجلاس کے دوران انوکھے انداز میں احتجاج کرتے ہوئے بجلی بحران پر حکام کی توجہ دلائی۔ کمشنر کوہاٹ، ڈپٹی کمشنر، واپڈا افسران اور متعلقہ محکموں کی موجودگی میں جاری اجلاس کا ماحول اس وقت غیر معمولی ہو گیا جب داؤد آفریدی نے تمام ایئر کنڈیشنرز، پنکھے اور لائٹس بند کرنے کا حکم دے دیا۔
شدید گرمی میں اجلاس کا ماحول چند ہی منٹ میں ناقابل برداشت ہو گیا، اور افسران بے چینی سے پسینے میں شرابور ہو گئے۔ اس موقع پر داؤد آفریدی نے حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، "جب آپ دس منٹ اس گرمی میں نہیں بیٹھ سکتے تو اندازہ لگائیں کہ عوام روزانہ 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ میں کس اذیت سے گزر رہے ہیں۔”
ایم پی اے نے پیسکو حکام کو خبردار کیا کہ لائن لاسز کو جواز بنا کر لوڈشیڈنگ کو جائز قرار دینا ناقابل قبول ہے، کیونکہ ادارے میں کرپشن جڑوں تک پھیلی ہوئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سالوں سے ایک ہی جگہ تعینات عملے کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے اور بجلی کی ناروا بندش کا مستقل حل نکالا جائے۔
داؤد آفریدی نے اعلان کیا کہ اگر لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہ ہوا تو وہ عوام کے ساتھ سڑکوں پر نکل کر سخت احتجاج پر مجبور ہونگے۔
اجلاس کے اختتام پر متعدد افسران نے شدید گرمی میں اجلاس کی اس "تکلیف دہ مثال” کو عوامی مسائل کی اصل تصویر قرار دیتے ہوئے مسئلے کے حل کے لیے فوری اقدامات کی یقین دہانی کروائی۔