خیبرپختونخوا میں شدید گرمی کی لہر، سول ڈیفنس کی احتیاطی ہدایات جاری

خیبر پختونخوا میں درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھنے لگا ہے، جس کے پیش نظر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے شہریوں کے لیے اہم ہدایات اور وارننگ جاری کر دی ہے۔ حکام کے مطابق آئندہ دنوں میں درجہ حرارت 47 سے 55 ڈگری سیلسیس تک جا سکتا ہے، جو انسانی صحت کے لیے شدید خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
سول ڈیفنس کے مطابق گرمی اور گھٹن زدہ موسم کے باعث شہریوں کو خصوصی احتیاطی تدابیر اپنانے کی ضرورت ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے سہ پہر 3 بجے کے دوران دھوپ میں نکلنے سے حتیٰ الامکان گریز کریں اور زیادہ سے زیادہ پانی و مشروبات کا استعمال کریں۔
محکمہ کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ گاڑیوں میں گیس سے بھری اشیاء، لائٹرز، کاربونیٹڈ ڈرنکس، پرفیوم اور اضافی بیٹری وغیرہ نہ رکھی جائیں۔ ایندھن کا ٹینک مکمل بھرنے سے گریز کیا جائے اور شام کے وقت ایندھن بھروایا جائے۔ گاڑیوں کی کھڑکیاں جزوی طور پر کھلی رکھی جائیں اور ٹائروں میں ہوا کی مقدار معتدل رکھی جائے تاکہ دھماکے کے خطرے سے بچا جا سکے۔
علاوہ ازیں سول ڈیفنس نے متنبہ کیا ہے کہ گرمی کی شدت سے بچھو اور سانپ اپنے بلوں سے نکل کر ٹھنڈی جگہوں کی تلاش میں گھروں اور کھیتوں میں داخل ہو سکتے ہیں، لہٰذا شہری خصوصی احتیاط برتیں۔
محکمہ نے مزید ہدایت کی ہے کہ گیس سلنڈرز کو دھوپ میں رکھنے سے گریز کریں اور بجلی کے میٹروں پر غیر ضروری بوجھ نہ ڈالا جائے تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
سول ڈیفنس حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ شدید گرمی کی موجودہ لہر کے دوران تمام حفاظتی اقدامات کو سنجیدگی سے اپنائیں تاکہ صحت و جان کو محفوظ رکھا جا سکے۔