خیبر پختونخواعوام کی آواز
اپر کوہستان کرپشن اسکینڈل: محکمہ خزانہ کے درجنوں ملازمین معطل

اپر کوہستان میں 40 ارب روپے کے میگا کرپشن اسکینڈل کی تحقیقات میں پیش رفت جاری ہے، جس کے نتیجے میں ملوث افسران کی معطلی کا دائرہ وسیع ہو گیا ہے۔ محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے اسکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث 10 افسران کو معطل کر دیا ہے۔
محکمہ خزانہ کے مطابق معطل افسران میں ایک گریڈ 18، تین گریڈ 17، پانچ گریڈ 16 اور ایک اسکیل 11 کا ملازم شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق اسکینڈل میں دیگر محکمے بھی سرگرم ہیں۔ سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ نے 7 ملازمین جبکہ اکاؤنٹنٹ جنرل آفس نے 2 ملازمین کو معطل کر دیا ہے۔
محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ اسکینڈل میں اب تک مجموعی طور پر 19 سرکاری ملازمین معطل ہو چکے ہیں، جبکہ مزید تحقیقات اور کارروائیاں جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق تفتیش کے دوران کئی نئے پہلو سامنے آ رہے ہیں اور مزید افسران کے خلاف کارروائی کا امکان ہے۔