خیبر پختونخواعوام کی آواز

یومِ تشکر: خیبر پختونخوا میں قرآن خوانی، پرچم کشائی، توپوں کی سلامی اور شہداء کو خراجِ عقیدت

ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی آج یومِ تشکر نہایت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کے مطابق دن کا آغاز فجر کے بعد قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے ہوا، جن میں شہداء کے درجات کی بلندی اور ملکی سلامتی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

صوبائی دارالحکومت پشاور میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ سرکاری دفاتر اور عوامی مقامات پر فجر کے بعد پرچم کشائی کی گئی۔ صبح 10 بجے تمام سرکاری اداروں میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی تاکہ قوم اجتماعی طور پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرے۔

اسی طرح قبائلی اضلاع میں بھی معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص میں افواجِ پاکستان کی شاندار فتح پر جشن منایا گیا۔ اور شمالی وزیرستان کے قبائلی مشران نے میرانشاہ میں خصوصی جرگہ منعقد کیا، جبکہ ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں پرچم کشائی اور ریلی کا اہتمام کیا گیا۔

میرانشاہ میں ہونے والے جرگے میں قبائلی عمائدین، اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ میرانشاہ، میجر جنرل عادل افتخار، مہمانِ خصوصی تھے۔ انہوں نے قبائلی عوام کی قربانیوں اور حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی میں ان کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ شرکاء نے افواجِ پاکستان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

دوسری جانب لنڈی کوتل میں یومِ تشکر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کمپاؤنڈ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر عدنان ممتاز، ایڈیشنل اے سی شہاب الدین، تحصیلدار تیمور آفریدی، پولیس و دیگر محکموں کے افسران اور عمائدین شریک ہوئے۔ تقریب میں پرچم کشائی، ریلی، قومی نغمے، نعرے بازی، اور شہداء کی یاد میں اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا۔

یومِ تشکر کے موقع پر صوبے کے مختلف تعلیمی اداروں میں پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا جہاں طلبہ و اساتذہ نے قربانی، وحدت اور شکرگزاری پر روشنی ڈالی۔ خطبہ جمعہ میں بھی انہی موضوعات کو اجاگر کیا جائے گا۔

مشیر اطلاعات کے مطابق، شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں، جن میں ان کے اہلِ خانہ سے ملاقاتیں، قبروں پر پھول چڑھانے اور قومی ہیروز کے مزارات پر حاضری شامل ہے۔

یومِ تشکر کے موقع پر صوبے بھر کے چوکوں، دفاتر اور عوامی مقامات کو قومی پرچموں اور بینرز سے سجایا گیا ہے تاکہ قوم کی یکجہتی اور افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button