خیبر پختونخواعوام کی آواز
پشاور: فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی کارروائی، 1500 کلو جعلی چائے برآمد

خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے خفیہ اطلاع پر پشاور کے علاقے پھندو روڈ پر گھر کے اندر قائم جعلی چائے بنانے والی فیکٹری پر کارروائی کرتے ہوئے 1500 کلو غیر معیاری اور مضر صحت چائے برآمد کرلی۔
ترجمان کے مطابق جعلی چائے چنے کے چھلکوں، کیمیکل رنگوں اور استعمال شدہ تیل سے تیار کی جا رہی تھی، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ یہ چائے پشاور کے نواحی علاقوں میں سپلائی کی جا رہی تھی۔
فوڈ سیفٹی ٹیم نے فیکٹری کو سیل کرتے ہوئے چائے ضبط کرلی اور مالکان کے خلاف فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کارروائی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی صحت سے کھلواڑ کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے انسان دشمن عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔