خیبر پختونخواعوام کی آواز

وزیر اعلیٰ کے پی کا بھارتی حملوں کے متاثرین کے لیے امدادی پیکج کا اعلان

موجودہ پاک بھارت کشیدگی اور بھارتی جارحیت کے تناظر میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے شہداء کے ورثا اور زخمیوں کے لیے خصوصی امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ ملک کے کسی بھی حصے میں بھارتی جارحیت کے باعث اگر خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والا کوئی شہری شہید یا زخمی ہوتا ہے، تو صوبائی حکومت اس کے ورثا اور متاثرین کی مکمل مالی معاونت کرے گی۔ یہ امداد صوبائی حکومت کے ریلیف پیکج کے تحت فراہم کی جائے گی۔

علی امین گنڈاپور نے یقین دہانی کرائی کہ خیبر پختونخوا حکومت اپنے شہداء کے اہل خانہ اور زخمیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ایسے تمام متاثرین کا مکمل طور پر خیال رکھا جائے گا۔

دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور میں ریڈ کریسنٹ کی زیرِ اہتمام فری ایمبولینس سروس کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ پشاور میں آج سے فری ایمبولینس سروس کا آغاز کیا جا رہا ہے، جسے جلد ہی پورے صوبے میں وسعت دی جائے گی۔

فیصل کریم کنڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات بھارت نے ڈرونز کے ذریعے پشاور کو بھی نشانہ بنایا، لیکن پاک فوج نے تمام ڈرونز کو بروقت گرا کر حملے ناکام بنا دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے دیئے گئے موثر جواب کے بعد بین الاقوامی برادری بھی بیدار ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں پاک فضائیہ نے پانچ بھارتی طیارے گرائے، جبکہ ایک خاتون پائلٹ کو بھی حراست میں لیا گیا۔ فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ مودی حکومت طاقت اور دولت کے زعم میں ہے، لیکن پاکستان اسے ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button