خیبر پختونخواعوام کی آواز

خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا الرٹ جاری

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پیشگوئی کی ہے کہ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 8 مئی سے 12 مئی تک وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بارشوں کے باعث ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے، جن میں مشینری کی دستیابی، مقامی زبانوں میں آگاہی مہم، اور روڈ لنکس کی بحالی شامل ہے۔

عوام کو بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ کسان حضرات کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمیاتی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے معمولات ترتیب دیں۔

سیاحوں کو سفر سے قبل موسمی حالات اور سڑکوں کی صورتحال کے بارے میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1700 سے معلومات لینے کی تلقین کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button