خیبر پختونخواعوام کی آواز

کوہستان بدعنوانی کیس پر تین روز میں رپورٹ طلب

خیبر پختونخوا اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (PAC) نے کوہستان میں اربوں روپے کی مبینہ مالی بے ضابطگیوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انٹرنل انکوائری تین دن کے اندر مکمل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ یہ فیصلہ اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں محکمہ خزانہ، کمیونیکیشن اینڈ ورکس (C&W) اور اکاؤنٹنٹ جنرل آفس کے حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں اسکینڈل سے متعلق تفصیلات پیش کی گئیں، جن پر تبصرہ کرتے ہوئے بابر سلیم سواتی نے کہا کہ ’’یہ اسکینڈل 36 ارب کا نہیں بلکہ 200 ارب روپے تک کا لگ رہا ہے۔ تمام متعلقہ محکمے اس کرپشن میں برابر کے شریک ہیں اور ہر ادارہ بدعنوانی میں اپنا حصہ لینے کے لیے کوشاں ہے۔‘‘

اسپیکر نے واضح کیا کہ جو اہلکار اس معاملے میں ملوث پائے گئے ہیں اُنہیں فوری طور پر معطل کیا جائے، بصورت دیگر اسمبلی اور اس کے ادارے عوام کی نظروں میں مذاق بن جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اس بات کا ادراک ہونا چاہیے کہ ادارے کس حد تک بدعنوانی میں ملوث ہیں، اور یہ سلسلہ اب بند ہوگا۔

دوسری جانب اپوزیشن ارکان نے اجلاس میں انکشاف کیا کہ کوہستان میں ترقیاتی بجٹ کے بغیر جعلی کنسٹرکشن کمپنیوں اور ہزاروں چیکس کے ذریعے بھاری رقوم خوردبرد کی گئیں۔ اُن کے مطابق اس بدعنوانی میں مقامی عناصر ہی نہیں بلکہ دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں، اس لیے انکوائری میں مالی لین دین کے پس منظر کو بھی دیکھا جانا چاہیے۔

کمیٹی نے متعلقہ محکموں کو آئندہ اجلاس میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button