پشاور: بھتہ خوری سے پریشان خواجہ سرا برادری کا پولیس کے خلاف احتجاج اعلان

خیبرپختونخوا میں خواجہ سرا برادری نے بھتہ خوروں کے بڑھتے ہوئے مظالم اور پولیس کی مبینہ غفلت کے خلاف احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ خواجہ سرا ایسوسی ایشن کی صوبائی صدر فرزانہ جان کے مطابق 8 مئی کو خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
فرزانہ جان نے بتایا کہ بھتہ نہ دینے پر ان کی برادری کے رکن ’بجلی‘ کو اغوا کر لیا گیا اور اغواکاروں نے پچاس لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ سوات اور مردان میں بھی خواجہ سراؤں سے باقاعدگی سے بھتہ طلب کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متعدد بار ایف آئی آر درج کرائی گئی مگر پولیس نے تاحال کوئی سنجیدہ یا مؤثر کارروائی نہیں کی۔
خواجہ سرا رہنما کا کہنا تھا کہ یہ برادری پہلے ہی معاشرتی سطح پر عدم تحفظ اور امتیازی سلوک کا شکار ہے، ایسے میں بھتہ خوروں کی دھمکیاں ان کی زندگی مزید غیر محفوظ بنا رہی ہیں۔ انہوں نے حکومت اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے، ورنہ احتجاج کا دائرہ پورے صوبے تک پھیلا دیا جائے گا۔