خیبرپختونخوا اور ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سمیت ملک کے دیگر حصوں میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے، جس سے حالیہ شدید گرمی کی لہر میں وقتی کمی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے خیبرپختونخوا کے کئی علاقوں میں موسم میں تبدیلی متوقع ہے۔ پشاور، چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، لکی مروت، باجوڑ، مہمند، کرک، خیبر، صوابی، مردان، کرم، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، وزیرستان، کوہاٹ اور ہنگو میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پشاور میں پیر کو درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا، تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق اب مطلع ابر آلود رہے گا، گرد آلود ہوائیں اور شدید بارش یا ژالہ باری کی توقع ہے۔ ژالہ باری سے شہری اور دیہی علاقوں میں سولر پینلز، درختوں اور بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور، ساہیوال، اوکاڑہ، فیصل آباد اور دیگر شمالی و وسطی پنجاب کے اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے سکھر، گھوٹکی، جیکب آباد، شکارپور، لاڑکانہ اور خیرپور میں شام یا رات کے وقت گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، جبکہ بلوچستان کے کوئٹہ، ژوب، خضدار، چمن اور مستونگ میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ملک کے جنوبی حصوں میں گرمی کی شدت بدستور برقرار ہے۔ ڈی آئی خان میں درجہ حرارت 43 ڈگری، بنوں میں 42 جبکہ پشاور اور مردان میں 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ تاہم متوقع بارش سے وقتی ریلیف کی امید کی جا رہی ہے۔