خیبر پختونخواعوام کی آواز

خیبر پختونخوا شدید گرمی کی لپیٹ میں، درجہ حرارت معمول سے 6 ڈگری زیادہ

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں موسم آئندہ چند روز تک گرم اور خشک رہے گا، جبکہ جنوبی اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ آج پارا 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ سب سے کم درجہ حرارت کالام میں 8 اور دیر میں 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ڈی آئی خان میں شدید گرمی متوقع ہے اور وہاں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا میں جاری شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر ماہرین صحت نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو چاہیئے کہ وہ دن کے گرم ترین اوقات، یعنی صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک، غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔

جسم کو پانی کی کمی سے بچانے کے لیے بار بار پانی، لیموں پانی یا شربت پیا جائے، چاہے پیاس نہ بھی لگے۔ سورج کی براہ راست روشنی سے بچنے کے لیے چھتری، ٹوپی یا چشمے کا استعمال کریں اور ہلکے رنگ کے سوتی و ڈھیلے کپڑے پہنیں تاکہ جسم کا درجہ حرارت قابو میں رہے۔

اس کے علاوہ مرغن اور مصالحے دار کھانوں سے پرہیز کر کے ہلکی پھلکی اور تازہ غذا استعمال کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔ اگر کسی کو چکر آنا، تیز بخار، جلد کا سرخ یا گرم ہونا، یا بے ہوشی جیسی علامات محسوس ہوں تو یہ ہیٹ اسٹروک کی علامت ہو سکتی ہیں، جن میں فوری طبی امداد حاصل کرنا ضروری ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button