پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں فلسطین سے یکجہتی کیلئے شٹرڈاؤن ہڑتال

افتخار حسین
جماعت اسلامی کی اپیل پر پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے۔
پشاور شہر کے تمام تجارتی مراکز اور بڑے بازار بند ہیں۔ قصہ خوانی، خیبر بازار، پیپل منڈی، صدر، ہشت نگری اور دیگر علاقوں میں دکانیں مکمل طور پر بند ہیں۔
تنظیم تاجران کے صدر مہر الہیٰ کے مطابق رامپورہ گیٹ میں احتجاجی کیمپ قائم کیا گیا ہے، جہاں تاجر برادری اور تنظیمی عہدیداروں نے شرکت کی۔
اسی طرح، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، باجوڑ اور ضلع خیبر کے لنڈی کوتل میں بھی شٹرڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے۔ جماعت اسلامی کے مطابق یہ ہڑتال مظلوم و محصور فلسطینیوں سے یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم کی اپیل پر ملک بھر کی تاجر برادری اور عوام نے اس پرامن احتجاج میں بھرپور شرکت کی۔