خیبر پختونخواعوام کی آواز

صوبائی حکومت کا مردان/صوابی میں اربوں روپے کے منصوبوں کا افتتاح

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے مردان اور صوابی کے دورے کے دوران اربوں روپے مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ ان منصوبوں میں صحت، کھیل اور آبپاشی کے شعبوں میں اہم پیش رفت شامل ہے۔

مردان اسپورٹس کمپلیکس میں نو تعمیر شدہ جمنازیم کا افتتاح کیا گیا، جس کی تعمیر 335 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ وزیر اعلیٰ نے کمپلیکس کی اپگریڈیشن منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا، جس پر 363.494 ملین روپے خرچ ہوں گے۔ اپگریڈیشن میں کرکٹ گراؤنڈ، واکنگ ٹریک، خصوصی افراد کے لیے کھیل کا میدان، واٹر فلٹریشن پلانٹ اور کرکٹ اکیڈمی سمیت دیگر سہولیات شامل ہوں گی۔

وزیر اعلیٰ نے مردان میں 200 بستروں پر مشتمل شہید بے نظیر بھٹو چلڈرن اسپتال کا بھی افتتاح کیا، جو 2.6 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔ اسپتال میں ایمرجنسی، او پی ڈی، لیبارٹری، فارمیسی اور دیگر بنیادی طبی سہولیات دستیاب ہوں گی۔

صوابی میں کنڈل ڈیم کے ذیلی منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ 157 فٹ اونچے اور 1047 فٹ طویل ڈیم کی لائیو اسٹوریج گنجائش 10,395 ایکڑ فٹ ہے۔ یہ منصوبہ 13,340 ایکڑ قابل کاشت رقبے کو سیراب کرے گا اور 40 ہزار زمینداروں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا، جبکہ 30 ہزار افراد کو صاف پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

کنڈل، پنجمند، بابین، جھانڈا، بوکا اور تاتالیا سمیت متعدد دیہات ان منصوبوں سے مستفید ہوں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button