شانگلہ: موٹر کار حادثے کا شکار، 4 افراد جاں بحق، ایک زخمی

شانگلہ کے علاقے تحصیل آلپوری کے مٹہ اغوان مقام پر موٹر کار ڈرائیور سے بے قابو ہو کر ندی میں جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر جانبحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق، حادثے کا شکار ہونے والی الٹو موٹر کار (نمبر BPH-563) میں سوار تمام افراد آپس میں رشتہ دار تھے اور سوات سے بیشام کی طرف جا رہے تھے۔ جانبحق افراد کی شناخت جواد، محمد عمیر، حماد اور حسان کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کا تعلق نواب پور، ملتان (پنجاب) سے بتایا جا رہا ہے۔
زخمی شخص کی شناخت دلاور کے نام سے ہوئی ہے، جو جانبحق ہونے والے جواد کا بھائی ہے۔ زخمی کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال آلپوری منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق، گاڑی کو حادثے میں شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ جاں بحق افراد اور زخمی کو ان کے آبائی علاقے منتقل کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔